دشا قتل کے خاطیوں کے انکاؤنٹر کو جگن کی تائید

   

کے سی آر کے جرأت مندانہ فیصلہ کو سلام ،قوانین میں ترمیم کی سفارش
حیدرآباد ۔9۔ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے حیدرآباد میں خاتون وٹرنری ڈاکٹر دشا عصمت ریزی اور قتل کے چاروں ملزمین کے انکاؤنٹر کی تائید کی ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی ستائش کرتے ہوئے ان کے فیصلہ کو سلام کیا۔ آندھراپردیش اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے پہلے دن جگن موہن ریڈی نے خواتین کے تحفظ کے مسئلہ پر ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں دشا قتل واقعہ سے انہیں گہرا صدمہ پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ دشا کے قاتلوں کو گولی ماردینے میں کوئی غلطی نہیں ہے اور مجھے بھی اس میں کوئی برائی نظر نہیں آتی۔ اس قدر اہم فیصلہ کرنے پر میں چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کو سلام کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ نربھیا قتل کے مجرمین کو آج تک سزا نہیں ملی ہے جس کا افسوس ہے۔ انہوں نے تلگو دیشم کی پیشرو حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سابق حکومت کے دور میں خواتین پر مظالم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ جگن موہن ریڈی نے کہا کہ خواتین کا تحفظ ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت اس بات کی کوشش کرے گی کہ کسی بھی خاتون کے ساتھ ظلم اور ناانصافی نہ ہوں۔ انہوں نے خواتین پر مظالم کے ذمہ داروں کو فوری سزا دلانے کیلئے قوانین میں ترمیم کی تجویز پیش کی۔