دشا کیس ‘خاطیوں کی پولیس تحویل میں تفتیش کلوز ٹیم بھی سرگرم ۔ لاری کے کیبن کی جانچ

   

حیدرآباد۔/5 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) شاد نگر دشا عصمت ریزی و قتل کے چار خاطیوں کو سائبر آباد کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے تحویل میں لے کر تفتیش شروع کردی۔ تحویل کے پہلے دن عہدیداروں نے کئی اہم شواہد اکٹھا کئے جن میں مقتول وٹرنری ڈاکٹر کا موبائیل فون بھی شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق کمشنر سائبرآباد وی سی سجنار نے دشا قتل کیس کی تحقیقات کیلئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے اور ڈی سی پی شمس آباد این پرکاش ریڈی ٹیم کے سربراہ ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ خصوصی ٹیم کے تحت پولیس کی 7 ٹیمیں اس جرم کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔ تحویل کے پہلے روز ٹیم نے تفتیش کے دوران حاصل کئے گئے اہم انکشافات کے بعد مقتولہ کا موبائیل فون مقام واردات سے برآمد کیا جسے خاطیوں نے کہیں دفن کردیا تھا۔ اسکے علاوہ کلوز ٹیم نے جرم میں استعمال لاری کیبن کی جانچ کی اور خون کے نمونے اور بال ضبط کئے۔ واضح رہے کہ محبوب نگر کی مقامی عدالت نے قتل کیس کے ملزمین کو ایک ہفتہ کی پولیس تحویل منظور کی تھی جس کے بعد پولیس نے انہیں چرلہ پلی جیل سے حراست میں لے لیا۔ پولیس نے دشا کیس کیلئے قائم فاسٹ ٹریک کورٹ کا معائنہ کیا اور سمجھا جاتا ہے کہ عبوری چارج شیٹ اندرون چند دن داخل کردی جائیگی ۔ کیس کی تحقیقات کانسٹبل سطح سے کمشنر سطح تک کی جارہی اور خاطیوں کو سزا دلانے ہر ممکن کوشش جاری ہے۔