دفاتر، کالجس کے مقامات پر خواتین کیساتھ ظلم و زیادتی پر خیر نہیں

   

Ferty9 Clinic

شی ٹیم سرگرم عمل، سائبرآباد میں انوکھا اقدام، عوام کو فائدہ اٹھانے کا مشورہ

حیدرآباد ۔ 21 اگست (سیاست نیوز) ظلم و جبر کا شکار خواتین کی مدد کیلئے سائبرآباد پولیس نے ایک اور انوکھے اقدام کا آغاز کردیا ہے۔ دفاتر، کالجس، کام کے مقامات، مکانات میں، سڑکوں اور دیگر مقامات پر ظلم و زیادتی کا شکار خواتین کی اب فوری مدد کی جائے گی۔ کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے خواتین کیلئے کو ٹیک ریسپانس ٹیم (کیو آر ٹی) ٹیموں کو تشکیل دیا ہے جبکہ سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں شی ٹیم کی بہترین کارکردگی جاری ہے۔ گھریلو تشدد کا شکار ہراسانی، اذیت اور جنسی ہراسانی و بلیک میلنگ کا شکار اکثر خواتین عزت نفس کی خاطر سماج میں بدنامی کے خوف سے اپنی اور خاندان کی عزت کی خاطر شکایتیں نہیں کرتیں۔ ایسے حالات کو دیکھتے ہوئے شی ٹیم کی خدمات میں مزید بہتری اور گھر کی دہلیز تک خدمات کو فراہم کرنے کیلئے ایسے انوکھے اقدام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈائیل 100 پر فون کرنا کافی ہے شکایت کی نوعیت کے لحاظ سے فوری کیو۔ آر۔ ٹی ٹیم پہنچ جائے گی۔ مسئلہ کی یکسوئی اور مؤثر حل تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ ضرورت پڑنے پر مسئلہ کو پولیس اسٹیشن سے رجوع کیا جائے گا۔ فوجداری مقدمات درج کئے جائیں گے اور خاطیوں کو سزاء بھی دی جائے گی۔ شکایت گذار کی شناخت کو راز میں رکھتے ہوئے راحت فراہم کرنا اصل مقصد قرار دیا جارہا ہے۔ سائبرآباد پولیس حدود میں فی الحال 11 شی ٹیم خدمات انجام دے رہی ہیں۔ متاثرہ خواتین میں حوصلہ پیدا کرتے ہوئے ان کی ہمت افزائی اور ظلم سے انہیں نجات دلانے کے اقدامات کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ ضرورت پڑنے پر مسئلہ کو بھروسہ سنٹر سے رجوع کیا جائے گا جہاں کونسلنگ ہوگی۔ سائبرآباد پولیس ویمن اینڈ چائلڈ سیفٹی ونگ کی سربراہ ڈپٹی کمشنر آف پولیس انوسیا نے خواتین سے خواہش کی کہ وہ بے خوف ہوکر شکایت کریں۔ اپنے اوپر ڈھائے جارہے ظلم و اذیتوں کو برداشت نہ کریں بلکہ انصاف رسانی کیلئے جدوجہد میں پولیس کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے نجات حاصل کریں۔ انہوں نے خواتین کو بھروسہ دلاتے ہوئے ڈائیل 100 یا پھر 9490617444 پر فون کرنے کی اپیل کی۔A