دفاعی تحقیق کے ادارہ بی ڈی ایل کی جانب سے آکسیجن پلانٹس کا قیام

   

حیدرآباد۔ کورونا سے نمٹنے آکسیجن کی قلت دور کرنے بھارت ڈائنامکس لمیٹیڈ ( بی ڈی ایل ) اور آرمی نے مشترکہ طور پر آکسیجن جنریٹر پلانٹس کے قیام کا فیصلہ کیا ۔ دفاعی تحقیق کے ادارہ اور فوج کی جانب سے سکندرآباد کے آرمی ہاسپٹل میں 960 لیٹر فی منٹ آکسیجن تیار کرنے کی صلاحیت والے پلانٹ کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اس کے ذریعہ روزانہ 170 تا 220 سلینڈرس میں آکسیجن کی فراہمی کی گنجائش رہیگی۔ بی ڈی ایل منیجنگ ڈائرکٹر کمانڈر سدھارتھ مشرا اور لیفٹننٹ جنرل اے ارون نے مشترکہ طور پر افتتاح کیا۔ برقی سربراہی منقطع ہونے کے باوجود یہ پلانٹ آکسیجن کی تیاری کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بی ڈی ایل نے اس طرح کے مزید 3 پلانٹس کونڈا پور گورنمنٹ ہاسپٹل، کنگ کوٹھی ہاسپٹل اور ای ایس آئی سی میڈیکل کالج ہاسپٹل میں قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ نہ صرف عوام بلکہ دواخانہ کے مریضوں کو آکسیجن کی سربراہی میں مدد ملے گی۔