دفاعی شعبے میں خود انحصاری کی جانب پیشرفت:راجناتھ

   

ملک میں 500 دفاعی اشیاء کی تیاری ، اورنگ آباد کے صنعتکاروں کو دفاعی شعبہ میں شرکت کی دعوت
اورنگ آباد : وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ہندوستان اب دفاعی مصنوعات کی درآمد پر انحصار کم کرتے ہوئے خود کفالت کے راستے پر تیزی سے گامزن ہے ، اور اس وقت ملک میں 500 سے زائد دفاعی اشیاء کی تیاری کی جا رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ دفاعی مینوفیکچرنگ کا شعبہ غیر معمولی امکانات کا حامل ہے ، جہاں نجی صنعتکاروں کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں۔راجناتھ سنگھ آج اورنگ آباد میں چیمبر آف مراٹھواڑہ انڈسٹریز اینڈ ایگریکلچر کی جانب سے ہوٹل راما انٹرنیشنل میں منعقدہ ایک اہم سیمینار سے خطاب کر رہے تھے ، جس کا عنوان تھا ‘مراٹھواڑہ: خود انحصار ہندوستان کی دفاعی سرزمین‘۔ خطاب کے دوران وزیر دفاع نے اورنگ آباد کے صنعتکاروں کو دعوت دی کہ وہ دفاعی پیداوار کے شعبے میں اپنی موجودگی درج کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے صنعتکار نہ صرف جرأتمند ہیں بلکہ نئے خیالات کے ساتھ آگے بڑھنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں، اور ان کی شمولیت سے دفاعی پیداوار میں نمایاں بہتری لائی جاسکتی ہے ۔راجناتھ سنگھ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کی قیادت میں صنعتکاروں کا ایک وفد دہلی آ کر وزارت دفاع سے تفصیلی بات چیت کرے تاکہ مراٹھواڑہ کے صنعتی شعبے کو دفاعی مینوفیکچرنگ کے میدان میں بھرپور مواقع میسر آ سکیں۔اس موقع پر مہاراشٹرا کے چیف منسٹر دیویندر فڑنویس نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اورنگ آباد صنعتی ترقی کیلئے بہترین ماحول فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے صنعتکار نہایت اختراعی اور جرات مند ہیں، اور اس خطے میں ایک مکمل دفاعی کلسٹر قائم کیا جانا چاہیے تاکہ مقامی صنعتکاروں کی صلاحیتوں کو دفاعی سازوسامان کی تیاری میں استعمال کیا جا سکے ۔سیمینار میں راجستھان کے گورنر ہری بھاؤ بگڑے ، ریاستی وزیر جے کمار راول، دیگر پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود اور غیر روایتی توانائی کے وزیر اتل ساوے ، مرکزی وزیر ڈاکٹر بھگوت کراڈ و دیگر موجود تھے۔