دفعہ 35A کے حق میں جموں کشمیر کے عوام متحد

   

ترمیم یا تبدیلی سے گریز کرنے مرکز کو مشورہ : غلام نبی آزاد کا بیان
جموں 2 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد نے آج دفعہ 35A کی حمایت کی جس سے جموںو کشمیر کے شہریوں کو خصوصی حقوق اور مراعات حاصل ہوتے ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جموں ‘ لداخ اور کشمیر کے عوام اس دستوری گنجائش کو برقرار رکھنے کے حق میں متحد ہیں۔ اس کو کسی علاقہ یا ہندو یا مسلمان کا مسئلہ نہیں بنایا جانا چاہئے ۔ ریاست کے تینوں ہی علاقہ اس دفعہ کے تعلق سے متحد ہیں۔ دفعہ 35A میں ترمیم یا تبدیلی کے اندیشوں سے متعلق سوالات کے جواب میں غلام نبی آزاد نے کہا کہ جموںو کشمیر میں جو کچھ بھی حالات پائے جاتے ہیں ان کو دیکھتے ہوئے کوئی بھی وادی میں بسنا پسند نہیںکریگا ۔ انہوں نے کہا کہ اس دفعہ میں تبدیلی یا ترمیم کی جاتی ہے تو اس سے جموں اور لداخ کے علاقوں کا زیادہ نقصان ہوگا کیونکہ لوگ ان دو پرامن علاقوں میں اراضیات خریدنے کو تیار ہیں۔ جماعت اسلامی جموں و کشمیر پر امتناع عائد کرنے مرکز کے فیصلے پر کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ جو کوئی گروپ چاہے کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتا ہو اگر وہ نفرت پھیلاتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے ۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے جمعرات کو جماعت اسلامی جموں و کشمیر پر پانچ سال کیلئے امتناع عائد کردیا تھا ۔