موجودہ حالات میں خصوصی موقف کی برخواستگی درست، ملک کو بی جے پی اور کانگریس کی ضرورت
حیدرآباد۔6 ۔ اگست (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی جگا ریڈی نے پارلیمنٹ میں دفعہ 370 پر مباحث کے دوران مودی اور امیت شاہ کی جانب سے ملک کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو کو تنقید کا نشانہ بنانے پر شدید رد عمل کا اظہار کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ اگر پنڈت جواہر لال نہرو آزادی کے بعد ملک کے اتحاد اور یکجہتی کیلئے کام نہ کرتے تو ملک میں کئی آزاد مملکتیں ہوتیں۔ حیدرآباد نظام کے تحت ہوتا اور کشمیر جونا گڑھ کی ریاست کا حصہ ہوتا۔ پنڈت جواہر لال نہرو نے آزادانہ ریاستوں کو انڈین یونین میں ضم کیا اور ایک مضبوط ہندوستان کی تشکیل کی۔ جگا ریڈی نے کہا کہ کانگریس ابتدائسے ہی سیکولر پارٹی ہے اور اس نے کبھی بھی ووٹ حاصل کرنے کے لئے سیاست نہیں کی۔ کانگریس نے چند نشستوں کے لئے اپنے اصولوں سے کبھی انحراف نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی محض ایک مذہب کی پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظام حیدرآباد کو انڈین یونین میں انضمام کیلئے راضی نہیں کیا گیا بلکہ عوام نے ہندوستان میں شمولیت کو قبول کرلیا ۔ کشمیر میں اس وقت کے راجہ نے انضمام سے اتفاق کیا لیکن عوام نے اسے قبول نہیں کیا ۔ حیدرآباد کے نظام انضمام کے لئے تیار نہیں تھے۔ لہذا سردار پٹیل نے انہیں راضی کرایا۔ جگا ریڈی نے کہا کہ کشمیر کے عوام پاکستان میں انضمام کے خواہاں تھے لیکن دفعہ 370 اور 53A کے ذریعہ نہرو نے کشمیر کا تحفظ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان خصوصی مراعات کی برخواستگی سے مسائل میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ کشمیر کو ہندوستان میں برقرار رکھنے کیلئے کیا کچھ کرنا پڑا اور اس وقت کے حالات کیا تھے ، اس بارے میں آج کے لوگ واقف نہیں ہے۔ اگر پاکستان کشمیر کو حاصل کرلیتا تو آج ہندوستان کے لئے کئی مسائل پیدا ہوسکتے تھے ۔ اگر اس وقت مودی اور امیت شاہ ہوتے تب بھی وہ خصوصی مراعات دینے کا فیصلہ کرتے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ آر ایس ایس 370 اور 35A کی برخواستگی کا طویل عرصہ سے مطالبہ کر رہی ہے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ موجودہ حالات میں خصوصی دفعات کو منسوخ کرنے کا مودی اور امیت شاہ کا فیصلہ درست ہے ۔ اسی طرح تقسیم کے بعد نہرو اور سردار پٹیل نے جو مراعات دی تھی وہ فیصلہ بھی درست تھا ۔ کشمیر کے تحفظ میں جواہر لال نہرو نے اہم رول ادا کیا۔ نہرو نے کشمیر کا تحفظ کیا ، لہذا آج مودی اور امیت شاہ پارلیمنٹ میں اظہار خیال کر رہے ہیں۔ جگا ریڈی نے کہا کہ بی جے پی ہندو ازم کو فروغ دینے والی پا رٹی ہے، کانگریس سیکولر پارٹی ہے ۔ ملک کو دونوں پارٹیوں کی ضر ورت ہے۔