حیدرآباد،31اکتوبر(یواین آئی) تلنگانہ آرٹی سی کی ہڑتال سے مایوس ایک اور ڈرائیور کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی۔محبوب نگر ڈپو سے تعلق رکھنے والے جی کرشنیا گوڑ نامی آرٹی سی ڈرائیورکو جمعرات کو 9.30بجے دن دل کا دورہ پڑا جس کے نتیجہ میں ان کی موت ہوگئی۔وہ تقریبا 20سال سے آرٹی سی کے ڈرائیور کے طورپر کام کرتے تھے ۔ان کا آبائی مقام بنڈامیدی پلی ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ایک آرٹی سی ورکربابو کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی تھی۔بابو کی موت کے اندرون 24گھنٹے ایک اور ڈرائیور کی دل کادورہ پڑنے سے موت ہوگئی۔یہ ڈرائیور بھی آرٹی سی ہڑتال کی وجہ سے کافی مایوس تھا۔گوڑ کی موت سے اب تک آرٹی سی کے مرنے والے ورکرس کی تعداد 17ہوگئی۔آرٹی سی ورکرس کی جے اے سی نے الزام لگایا کہ ان کی ہڑتال پر حکومت کے نامناسب رویہ کے سبب یہ اموات ہورہی ہیں۔