حیدرآباد/25 جون، ( سیاست نیوز) حکومت نے ریاست میں دلت بندھو اسکیم کے دوسرے مرحلہ پر عمل آوری کو منظوری دے دی ہے۔ اس سلسلہ میں سرکاری احکام جاری کئے گئے۔ دوسرے مرحلہ کے تحت حکومت نے 1.30 لاکھ ایس سی خاندانوں کی مالی امداد کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ 118 اسمبلی حلقہ جات کے ایک لاکھ 29 ہزار 800 خاندانوں کی اسکیم کے تحت مدد کی جائیگی۔ ہر اسمبلی حلقہ میں 1100 استفادہ کنندگان کا انتخاب کیا جائے گا۔ ضلع کلکٹرس ہر اسمبلی حلقہ میں استفادہ کنندگان کا انتخاب کرینگے۔ حضور آباد اسمبلی حلقہ میں اسکیم پر پہلے ہی عمل آوری ہوچکی ہے لہذا دوسرے مرحلہ میں اسے شامل نہیں کیا گیا ۔ استفادہ کنندگان کی شناخت، جانچ اور شخصی معائنہ کیلئے عہدیداروں کی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔ جن خاندانوں کا انتخاب کیا گیا ان کی تفصیلات دلت بندھو پورٹل پر پیش کی جائیں گی۔ اسکیم کے تحت دو مرحلوں میں 10 لاکھ روپئے کی امداد دی جائے گی۔ر