دلت نوجوان کو پیشاب پینے پر مجبور کیا گیا

   

Ferty9 Clinic

بھنڈ۔ 21 اکتوبر (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے ضلع بھنڈ کے اٹیر سیکشن کے سرپورہ تھانہ علاقے میں ایک دلت ڈرائیور کے ساتھ غیر انسانی سلوک کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے ۔ الزام ہے کہ دو نوجوانوں نے گوالیار سے ڈرائیور کو اغوا کیا، اسے سورپورہ لاکر مارا پیٹا اور زبردستی شراب اور پیشاب پلایا۔ پولیس ذرائع کے مطابق بھنڈ ضلع کے سرپورہ علاقے کے اجودھ پورہ کا رہنے والا گیان سنگھ جٹاو پیشہ سے ڈرائیور ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ دتاوالی گاؤں کے دو نوجوان گیان سنگھ سے اپنا ٹرک چلوانے کے لیے پہنچے تھے ، لیکن جب اس نے ٹرک چلانے سے انکار کر دیا تو دونوں نوجوان ناراض ہو گئے ۔ اس کے بعد وہ گیان سنگھ کو گوالیار کے مہاراج پورہ علاقہ سے زبردستی اپنی گاڑی میں بٹھا کر دیوالی کی رات سورپورہ گاؤں لے آئے ۔ متاثرہ کے مطابق گاؤں پہنچنے کے بعد ملزمان نے اس کے ساتھ مارپیٹ کی اور اسے زبردستی شراب پلائی۔ اس نے یہ بھی الزام لگایا کہ ملزم نے اسے پیشاب بھی پلایا۔ واقعہ کے بعد متاثرہ کی حالت بگڑ گئی اور اسے آج صبح ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا۔