الور۔ یکم ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) 10 ویں نمبر کے بلے باز اویس خان کی سات چھکوں سے مزین 64 رنز کی شاندار اننگ کی بدولت انڈیا ریڈ نے انڈیا گرین کے خلاف ڈرا ختم ہونے والے میچ میں ایک رن کی برتری لی اور تین پوائنٹس حاصل کر دلیپ ٹرافی کے فائنل میں مقام بنالیا۔ دلیپ ٹرافی کا فائنل اب انڈیا ریڈ اور انڈیا گرین کے ہی درمیان کھیلا جائے گا۔ انڈیا ریڈ کے کل چھ پوائنٹس رہے جبکہ انڈیا گرین اور انڈیا بلیو کے دو دو پوائنٹس رہے ۔ لیکن انڈیا گرین نے بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر فائنل میں جگہ بنا لی۔ فائنل 4 سے 8 ستمبر تک ایم چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔انڈیا گرین نے اپنی پہلی اننگز میں 440 رنز بنائے تھے ۔ انڈیا ریڈ نے کل کے نو وکٹ پر 404 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور اس کی اننگز 441 رنز پر ختم ہوئی جس سے اسے ایک رن کی اہم برتری مل گئی۔انڈیا ریڈ کو برتری دلانے کا کریڈٹ 10 ویں نمبر کے بلے باز اویس خان کو جاتا ہے جنہوں نے 34 رن سے آگے کھیلتے ہوئے 56 گیندوں میں دو چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے ۔ ان کے جوڑی دار سندیپ واریر دو رن سے آگے کھیلتے ہوئے 40 گیندوں میں پانچ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ دونوں نے آخری وکٹ کیلئے 73 رن کی اہم شراکت کی۔انڈیا گرین کی جانب سے دھرمندرسنگھ جڈیجہ نے 135 رن پر چار وکٹ، انکت راجپوت نے 71 رن پر تین وکٹ اور تنویر الحق نے 19 رن پر دو وکٹ لئے ۔میچ ڈرا ختم ہونے تک انڈیا گرین نے اپنی دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 98 رنز بنائے ۔ دھرو شوری نے ناٹ آؤٹ 44 رن بنائے ۔