ممبئی: شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کو سانس لینے میں دشواری کے باعث ممبئی کے ہندوجا ہاسپٹل میں شریک کیا گیا جس کی تصدیق ان کی اہلیہ سائرہ بانو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ سائرہ بانو نے کہا کہ دلیپ کمار کو سانس لینے میں دشواری ہورہی تھی جس کے بعد آج صبح انہیں ہاسپٹل میں داخل کروایا گیا۔ سائرہ بانو نے کہا کہ ہاسپٹل میں دلیپ کمار کا علاج جاری ہے ۔ بتایا گیا ہیکہ انہیں آکسیجن سپورٹ پر رکھا گیا ہے اور ان کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق دو تا تین دن میں انہیں ڈسچارج کردیا جائے گا۔ سائرہ بانو نے مداحوں سے اپیل کی کہ دلیپ کمار کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کریں تاکہ ہم جلد از جلد انہیں واپس گھر لے جائیں۔ دلیپ کمار کو گزشتہ ماہ بھی ہاسپٹل میں لایا گیا تھا جس پر سائرہ بانو نے کہا تھا کہ معمول کے چیک اپ کیلئے انہیں ہاسپٹل لایا گیا ۔
لیجنڈری اداکار دلیپ کمار گزشتہ کئی سالوں سے بیمار ہیں جس کی وجہ سے اْنہیں اکثر معائنے کے لیے ہاسپٹل منتقل کیا جاتا ہے۔واضح رہے کہ دلیپ کمار نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1944 میں فلم ’جوار بھاٹا‘سے کیا مگر فلم انڈسٹری میں اپنی اصل پہچان 1960میں تاریخی فلم ’مغلِ اعظم‘ میں شہزادہ سلیم کا کردار ادا کرکے بنائی۔