ممبئی: بالی ووڈ کے شہنشاہ ٔجذبات دلیپ کمار کے ایک اور چھوٹے بھائی احسان خان دیر رات گئے ممبئی کے لیلاوتی ہاسپٹل میں کورونا انفیکشن سے فوت ہوگئے۔ ان کا علاج کر رہے ڈاکٹر جلیل پارکر نے ان کے انتقال کی تصدیق کی۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ 90 سالہ احسان خان کا کووڈ۔19 کا علاج چل رہا تھا اور وہ پہلے سے ہی عارضہ دل، ہائپر ٹینشن اور الزائمر جیسے مرض میں مبتلا تھے۔اس سے قبل دلیپ کمار کے ایک اور چھوٹے بھائی اسلم خان کا بھی کورونا سے انتقال ہو گیا تھا۔ 88 سالہ اسلم خان کو بھی ممبئی کے لیلاوتی ہاسپٹل میں علاج کیلئے داخل کرایا گیا تھا۔ دونوں بھائی احسان خان اور اسلم خان میں 15 اگست کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور تبھی انہیں ممبئی کے لیلاوتی ہاسپٹل میں داخل کرا دیا گیا تھا۔ اسلم خان کا 21 اگست کو انتقال ہو گیا تھا۔احسان خان اور اسلم خان کو کورونا سے متاثر ہونے کے بعد جب 15 اگست کی رات اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا تو دونوں بھائیوں کی آکسیجن کی سطح کافی کم تھی۔ واضح رہے کہ دلیپ کمار 97 سال کے ہو چکے ہیں اور ان کی بیوی سائرہ بانو ان کی دیکھ بھال کرتی ہیں اور وہ سوشل میڈیا پر فعال رہتی ہیں اور مداحوں کو پوسٹ کر کے ان کے صحت سے متعلق معلومات دیتی رہتی ہیں۔