دن دھاڑے خوفناک حملہ میں بیوہ خاتون شدید زخمی

   

حالت تشویشناک، حافظ بابا نگر کے علاقہ میں سنسنی، ملزم پر سابق میں بھی بدسلوکی کا الزام
حیدرآباد۔ 27 مئی (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ حافظ بابا نگر میں دن دھاڑے ایک شخص نے خاتون پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کرکے اسے زخمی کردیا۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی جبکہ متاثرہ خاتون کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق 35 سالہ شیخ نصیر الدین عرف حبیب ساکن بابا نگر اسی علاقہ کی رہنے والی 44 سالہ نور بانو جو بیوہ ہے کو شادی کے لئے آئے دن تنگ کررہا تھا۔ نور بانو کے شوہر کا تین سال قبل انتقال ہوگیا تھا اور اسے چار لڑکیاں اور دو لڑکے بھی ہیں۔ خاتون آج دوپہر اپنی بیٹی کے سسرال جانے کے لئے عمر فنکشن ہال کے قریب پہنچی تھی کہ شیخ نصیر نے اپنی گاڑی میں لائے ہوئے تیزدھار ہتھیار سے اچانک وار کرنا شروع کردیا اور اس واقعہ کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا، حالانکہ نور بانو خود کو اس حملہ میں بچانے کی کوشش کررہی تھی لیکن تیز دھار ہتھیار ہونے کے نتیجہ میں وہ شدید طور پر زخمی ہوگئی۔ اس خوفناک منظر کو مقامی سی سی ٹی وی کیمروں نے قید کیا اور پولیس نے اسے ثبوت کے طور پر حاصل کرلیا ہے۔ خاتون پر حملہ کی اطلاع پر کنچن باغ پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک پولیس ٹیم وہاں پہنچ گئی اور قریب کے ایک دواخانہ منتقل کیا جہاں پر اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ متاثرہ خاتون کے رشتہ داروں نے پولیس پر الزام عائد کیا کہ سابق میں بھی شیخ نصیر نے نور بانو سے بدسلوکی کی تھی اور ایک مرتبہ مکان میں بھی جبراً داخل ہونے کی کوشش کی تھی جس پر کنچن باغ پولیس میں شکایت درج کروائی گئی تھی لیکن اس کے خلاف کوئی ٹھوس کارروائی نہ کئے جانے کے نتیجہ میں اس نے یہ انتہائی کارروائی کی۔ پولیس کنچن باغ نے حملہ آور کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔ ب