ٹوکیو: دنیا بھر میں تربوز کی لگ بھگ 1200 اقسام ہیں اور ان میں سب سے مہنگا ترین تربوز جاپان میں پایا جاتا ہے جسے ڈینسیوک تربوز کہا جاتا ہے۔وجہ یہ ہے کہ جاپان میں بعض اشیا کو امرا کی مرغوب غذا کا درجہ حاصل ہے جن میں وھیل کا گوشت، سوشی اور دیگر اقسام کے پھل انتہائی مہنگے ہیں اور ہر غذا ایک نیا ریکارڈ بناتی ہے۔ ان میں ڈینسیوک تربوز بھی شامل ہے جس کی قیمت 5 سے 6 ہزار ڈالر تک ہوسکتی ہے۔اس کے نایاب ہونے کی کئی وجوہ ہیں۔ اول یہ بالکل گول اور سیاہ ہوتا ہے۔ اندر سے گودا قدرے سرخ اور مزیدار ہوتا ہے۔ یہ تربوز جتنا میٹھا ہوگا اس کی قیمت بھی اتنی ہی ہوگی۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ یہ بہت کم تعداد میں پیدا ہوتا ہے اور مشکل سے ایک سال میں 100 پھل ہی اگائے جاتے ہیں جو اسے دنیا کا نایاب ترین تربوز بناتے ہیں۔