دنیا کو یہ جنگ ختم کرنی ہوگی:یوکرینی صدر

   

کیف : یوکرین پر روس کے فوجی حملے کا ایک ماہ مکمل ہو گیا ہے۔یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے دنیا بھر میں لوگوں سے روسی حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرنے کی اپیل کی ہے۔یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے گزشتہ روز انگریزی زبان میں اپنی ایک تقریر کی ویڈیو جاری کی ہے۔زیلنسکی نے دنیا بھر کے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یوکرینی علامتوں کے ساتھ گھر سے باہر آئیں، یوکرین کی حمایت کے لیے، آزادی کی حمایت کے لیے، زندگی کی حمایت کے لیے اپنے چوراہوں پر جمع ہوں، اپنی سڑکوں پر نکلیں تاکہ آپ کی موجودگی دیکھی جائے اور آپ کی آواز سنی جائے۔یوکرینی صدر نے مزید کہا کہ اپنی حمایت کو ظاہر کیجئے، اپنے اپنے دفاتر سے آئیں، اپنے گھروں سے باہر آئیں، اپنے اسکولوں اور یونیورسٹیوں سے آئیں، امن کے نام پر آئیں ،دنیا کو یہ جنگ ختم کرنی ہوگی۔یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی کی ایک اپیل ایسے وقت آئی ہے جب یوکرین پر روسی فوجی حملے کا ایک ماہ ہوچکا ہے۔اس حملے کی دنیا بھر میں مذمت کی جارہی ہے جس میں سینکڑوں افراد ہلاک اور ہزاروں دیگر زخمی ہوچکے ہیں۔