نئی دہلی: عالمی سطح پر مشہور اسٹانفورڈ یونیورسٹی نے حال ہی میں ‘ عالمی سطح پر سرکردہ یعنی ممتاز سائنسدانوں کی ایک فہرست جاری کی ہے جس میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر محمد رفیع الدین احمد کا نام شامل ہے ‘ ڈاکٹر محمد رفیع الدین احمد نے اپنی ابتدائی تعلیم اردو میڈیم کے ذریعہ حاصل کی اور جے این ٹی یو سے میکانکل انجینرئنگ مکمل کیا ‘ برلا انسٹی ٹیوٹ سے ماسٹرس کیا اور پھر آئی آئی ٹی ممبئی سے پی ایچ ڈی مکمل کیا۔جنوبی کوریا ‘ جاپان اور نیوزی لینڈ میں وزیٹنگ پروفیسر کی حیثیت سے خدمات کے علاوہ وہ اب فیجی آئی لینڈس میں واقع یونیورسٹی آف ساوتھ پیسیفک میں میکانکل انجینئرنگ شعبے میں پروفیسر کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر محمد رفیع الدین احمد نے روزنامہ سیاست سے بات چیت کے دوران کہا کہ تاحال عالمی سطح کے ایک سو بیس مختلف جریدوں میں ان کے مضامین شائع ہوچکے ہیں ‘ ڈاکٹر محمد رفیع الدین احمد نے ’’اسٹانفورڈ یونیورسٹی ‘‘ کی جانب سے ممتاز سائنسدانوں پر مشتمل ‘ فہرست میں ان کا نام شامل ہونے پر بارگاہ رب العز ت میں اظہار تشکر بھی کیا ہے۔