نظام ہفتم سیکولر نظریات کے حامل ویژن رکھنے والی شخصیت، اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر شرون
حیدرآباد : آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ترجمان ڈاکٹر شرون نے دنیا کے نقشہ میں شہر حیدرآباد کی عظمت، خوشحالی اور بھائی چارگی کو نظام ہفتم میر عثمان علی خان کی مرہون منت قرار دیا۔ ہجری کیلینڈر کے مطابق نظام ہفتم کی 55 ویں برسی کے موقع پر ڈاکٹر شرون نے کنگ کوٹھی میں واقع ان کی مزار پر گلہائے عیقدت پیش کرتے ہوئے انہیں بھرپور خراج پیش کیا۔ اس موقع پر سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی طاہر سعدی، سابق کارپوریٹر محمد شریف کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ ڈاکٹر شرون نے میر عثمان علی خان کو ویژن رکھنے والی شخصیت قرار دیا۔ عثمان ساگر، حمایت ساگر، حیدرآباد، سیوریج لائن، عثمانیہ یونیورسٹی، عثمانیہ ہاسپٹل ان ہی کا دیا ہوا تحفہ ہے۔ ناگرجنا ساگر پراجکٹ کو شروع کرنے میں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ کاچیگوڑہ ریلوے اسٹیشن، حسین ساگر، ہائیکورٹ کے علاوہ کئی تاریخی عمارتوں کو انہوں نے تعمیر کروایا۔ وہ مساجد کے ساتھ کئی منادر تعمیر کئے۔ منادر کو جائیدادیں دیئے۔ ریاست میں سیکولرازم کو فروغ دینے میں جو رول ادا کیا تھا وہ ناقابل فراموش ہے۔ ایسی عظیم شخصیت کو خراج پیش کرتے ہوئے وہ فخر محسوس کررہے ہیں۔ میر عثمان علی خان ایک ویژن رکھنے والی شخصیت کا نام ہے۔ حیدرآباد کی تعمیر کے وہ معمر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے دور میں سماج کے تمام طبقات کے ساتھ انصاف کیا تھا۔ ایسی شخصیت کو یاد کرتے ہوئے خوشی محسوس ہوتی ہے۔ پاکستان کے ساتھ جنگ کے دوران میر عثمان علی خان نے ہندوستان کو 5 ٹن سونا بطور عطیہ پیش کیا تھا جس کی آج قیمت 2,800 کروڑ روپئے ہوتی ہے۔