چوری چھپے گٹھکا کھانے کا الزام، چیف منسٹر سے کارروائی کیلئے کانگریس کا مطالبہ
حیدرآباد۔16 ۔جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے گٹھکے کی فروخت پر پابندی عائد کردی ہے اور پان شاپس اور دیگر مقامات پر دھاوے کرتے ہوئے غیر مجاز اسٹاک اور فروخت کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے ۔ ایسے میں سوشیل میڈیا میں وائرل ایک ویڈیو عوام میں موضوع بحث بن چکا ہے جس میں ریاستی وزراء سرینواس یادو اور جی کملاکر کو چوری سے کچھ کھاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ کانگریس پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ دونوں وزراء چوری چھپے آپس میں تقسیم کرتے ہوئے جو چیز کھا رہے ہیں ، وہ ممنوعہ گٹھکا ہے۔ اس سلسلہ میں ریاستی وزراء کی جانب سے کوئی وضاحت نہیں کی گئی تاہم کانگریس کے ترجمان ڈاکٹر شراون نے دونوں وزراء سے مطالبہ کیا کہ وہ گٹھکے کی دستیابی کے بارے میں وضاحت کریں۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے ممنوعہ گٹھکے کے استعمال پر ریاستی وزراء کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ شراون نے کہا کہ ریاستی وزراء کی جانب سے قانون کی کھلے عام خلاف ورزی پر چیف منسٹر کی خاموشی معنی خیز ہے۔ کیمرہ کے روبرو دونوں وزراء گٹھکا کھاتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ۔ شراون نے ویڈیو ریکارڈنگ جاری کرتے ہوئے وزراء کے خلاف کارروائی کی اپیل کی۔ انہوں نے کہاکہ کابینی سب کمیٹی کے اجلاس کے دوران باہر نکل کر سرینواس یادو نے کملاکر کو چھپاکر گٹھکا پیش کیا۔ ان دونوں وزراء کی حرکت کے گواہ وزیر سیاحت و آبکاری سرینواس گوڑ ہیں جو ان کے ساتھ موجود تھے۔ کانگریس ترجمان نے کہا کہ جب ریاست بھر میں گٹھکا بند ہیں تو پھر وزراء کو کہاں سے حاصل ہوا۔ انہیں گٹھکا سربراہ کرنے والے شخص کا پتہ چلاکر پولیس کو کارروائی کرنی چاہئے ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس اور کمشنر پولیس سے دونوں وزراء کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ۔
