حیدرآباد ۔ /5 مارچ (سیاست نیوز) عابڈس پولیس کی کرائم ٹیم نے دو سارقین بشمول ایک خاتون کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 32 لاکھ نقد رقم برآمد کرلی ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل زون مسٹر پی وشواپرشاد نے کہا کہ عبدالمجید نے شاہین بیگم کی مدد سے اپنے ساتھی ملازم عبدالرحمن کی گاڑی کی ڈکی سے بڑی ہی شاطرانہ انداز میں لاکھوں روپئے کی نقد رقم کا سرقہ کرلیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ /2 مارچ کو جی پی او عابڈس کے قریب پیش آیا اور پولیس نے تکنیکی شواہد کی بنیاد پر اس معمہ کو حل کرلیا ۔ ڈی سی پی نے کہا کہ عبدالمجید نے شاہین بیگم سے عبدالرحمن کی گاڑی کی ڈکی سے سرقہ کرنے کی بات بتائی اور اس سلسلے میں ایک منصوبہ تیار کرتے ہوئے اپنے ساتھی ملازم کی گاڑی کے نقلی چابیاں بھی تیار کروائے ۔ منصوبہ کے تحت عبدالمجید اور عبدالرحمن ترپ بازار میں اشیاء فراہم کرنے اور بعد ازاں دوکان داروں سے نقد رقم وصول کرنے کیلئے آئے تھے اور رات 9.30 بجے جی پی او عابڈس کے پاس واقع ایک فاسٹ فوڈ سنٹر پہونچے ۔ مجید نے شاہین بیگم کو پہلے سے ہی عبدالرحمن کی گاڑی کی نقلی چابیاں فراہم کردی تھیں اور منصوبہ کے تحت شاہین نے گاڑی سے 32 لاکھ روپئے نقد رقم کا سرقہ کرلیا ۔ انہوں نے کہا کہ سرقہ کے بعد دونوں ملزمین وہاں سے فرار ہوگئے اور عابڈس پولیس کی کرائم ٹیم نے ڈیٹکٹیو انسپکٹر جی گوپی اور ڈیٹکٹیو سب انسپکٹر لکشمیا کی مدد سے اس معمہ کو حل کرتے ہوئے دونوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے مسروقہ رقم برآمد کرلی گئی ۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔