شنکر یادو فلور لیڈر ، تین ڈپٹی فلور لیڈرس کا تقرر
حیدرآباد۔16۔ فروری (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کو دو سال سے زائد کا عرصہ گزر گیا لیکن بی جے پی نے بلدیہ میں اپنے فلور لیڈر کا تقرر نہیں کیا تھا ۔ جی ایچ ایم سی انتخابات میں بی جے پی نے بی آر ایس کا مقابلہ کرتے ہوئے پہلی مرتبہ زائد نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ دو سال کے عرصہ میں یوں تو جی ایچ ایم سی کونسل کے کئی اجلاس منعقد ہوئے لیکن ان میں بی جے پی کا فلور لیڈر نہیں تھا۔ پارٹی نے آخرکار کارپوریشن میں فلور لیڈر اور ڈپٹی فلور لیڈرس کے تقررات عمل میں لائے ہیں۔ پارٹی نے شنکر یادو کو کارپوریشن میں پارٹی کا فلور لیڈر مقرر کیا ہے۔ شنکر یادو بیگم بازار ڈیویژن کی نمائندگی کرتے ہیں جو راجہ سنگھ کے اسمبلی حلقہ گوشہ محل کے تحت آتا ہے۔ بی جے پی کیڈر میں شنکر یادو مقبولیت رکھتے ہیں اور بی سی طبقات کو پارٹی سے قریب کرنے کیلئے بی جے پی نے ان کا انتخاب کیا ہے ۔ شنکر یادو مسلسل چوتھی مرتبہ کارپوریشن کیلئے منتخب ہوئے ہیں۔ الکاپور کی کارپوریٹر وی رادھا دھیرج ریڈی کو ڈپٹی فلور لیڈر مقرر کیا گیا جو دوسری مرتبہ کارپوریشن میں منتخب ہوئی ہے۔ گن فاؤنڈری کارپوریٹر ڈاکٹر سوریکھا کو ڈپٹی لیڈر مقرر کیا گیا جو چار سال قبل بی جے پی میں شامل ہوئیں اور پہلی مرتبہ کارپوریٹر منتخب ہوئی ہیں۔ منصورآباد ڈیویژن کے کارپوریٹر کے نرسمہا ریڈی اگرچہ بی جے پی کے سینئر ترین قائد ہیں لیکن انہیں فلور لیڈر کے بجائے ڈپٹی فلور لیڈر بنایا گیا ۔ پارٹی نے سرورنگر کی کارپوریٹر اے سریوانی ، موسیٰ پیٹ کے کارپوریٹر کے مہیندر کمار اور چمپا پیٹ کے کارپوریٹر مدھو سدن ریڈی کو ترجمان مقرر کیا ہے ۔ پارٹی وہپ کی حیثیت سے کے سرینواس ریڈی (میلاردیوپلی) اور بی بھاگیہ لکشمی (موسی رام باغ) کا تقرر کیا گیا۔ر