دو مقامات پر آتشزدگی کے واقعات

   

حیدرآباد ۔ 27 مئی (سیاست نیوز) شہر کے مرکزی علاقہ عابڈس اور نواحی علاقہ گنڈی پیٹ میں آتشزدگی کے واقعات پیش آئے۔ تاہم ان میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اطلاع کے ساتھ ہی محکمہ آتش فرو عملہ نے پہنچ کر آگ پر قابو پالیا جبکہ نقصانات کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔ عابڈس ترپ بازار میں ایک ایل ای ڈی دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے دوکان میں موجود سامان کو خاکستر کردیا۔ بتایا جاتا ہیکہ فردوس مارکٹ تروپ بازار میں ایل ای ڈی شوروم میں شاک سرکٹ سے یہ واردات پیش آئی۔ تین منزلہ عمارت کی دو منزلیں اس آگ کی لپیٹ میں آکر متاثر ہوئی۔ اطلاع کے بعد فوری چوکسی اختیار کرکے عابڈس پولیس نے آتش فرو عملہ کو طلب کرلیا۔ تقریباً 4 فائر انجن گاڑیوں نے طویل مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا ۔ دوسرے واقعہ میں جو گنڈی پیٹ میں پیش آیا، یونین بنک کی عمارت کے بالائی حصہ میں آتشزدگی کی واردات پیش آئی۔ آگ کے شعلوں کو دیکھ کر عوام میں سنسنی پھیل گئی اور پولیس نارسنگی نے مقام واردات پہنچ کر فائرانجن گاڑیوں کو طلب کیا۔ ایک طرف آگ پر قابو پانے کے ساتھ آگ کو پھیلنے سے روکنے بالخصوص یونین بینک کو بچانے کی کوشش کی گئی۔ پولیس کے مطابق عمارت کے بالائی حصہ میں لیاب ٹاپ پیاکنگ کی جاتی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔ع