حیدرآباد۔/16 جنوری، ( سیاست نیوز) بڑے جانوروں کی غیر قانونی منتقلی کی اطلاع پر شہر سے چوٹ اوپل کیلئے روانہ ہونے والے دو گاؤ رکھشک آج صبح آر ٹی سی بس کی ٹکر سے ہلاک ہوگئے۔ یہ واقعہ چوٹ اوپل کے علاقہ دھرموجی گوڑم چوراہے پر پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 28 سالہ شیو راج گوپال چاری اور اس کے ساتھی اے کارتک، کے گنیش، امر اور ڈرائیور کے راہول جن کا تعلق ضیاء گوڑہ پرانا پل سے ہے ضلع نلگنڈہ کے چٹیال سے انووا کار میں شہر واپس لوٹ رہے تھے کہ تیز رفتار آر ٹی سی بس نے قومی شاہراہ 65 دھرموجی گوڑم چوراہے پر ان کی کار کو ٹکر دے دی۔ اس حادثہ میں پرتھوی راج اور چندو جو کار کی عقب سیٹ پر بیٹھے ہوئے تھے شدید زخمی ہونے کے نتیجہ میں جائے حادثہ پر ہی ہلاک ہوگئے۔ اس سلسلہ میں پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ بڑے جانوروں کی غیر قانونی طور پر منتقلی کی اطلاع پر شہر سے چٹیال کے لئے روانہ ہوئے تھے جہاں پر یہ حادثہ پیش آیا۔ نعشوں کو بعد پوسٹ مارٹم شہر منتقل کردیا گیا ہے۔ب