دواخانوں میں کورونا بستروںکی تعدادبڑھائی جائے: چیف سکریٹری

   

ٹسٹوں اور ٹیکہ اندازی پر توجہ کی ہدایت، اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد: چیف سکریٹری سومیش کمار نے آج تلنگانہ میں کورونا کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا ۔ کورونا سے صحت یاب ہونے کے بعد سومیش کمار کا یہ پہلا اجلاس ہے۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کورونا مریضوں کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ کو دیکھتے ہوئے سرکاری دواخانوں اور خانگی میڈیکل کالجس میں بستروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور کیسیس میں مزید اضافے کی صورت میں کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے ۔ چیف سکریٹری نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ ٹسٹنگ کے علاوہ ٹیکہ اندازی میں اضافہ کریں اور اضلاع میں کورونا قواعد پر سختی سے نفاذ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دینے سے متعلق حکومت کے احکامات پر سختی سے عمل کیا جانا چاہئے ۔ چیف سکریٹری نے تمام اضلاع میں کووڈ کیر سنٹرس کی تعداد کو دوگنا کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے خانگی دواخانوں کو سینیٹائز کرنے اور آکسیجن سے مربوط بستروں کی تعداد میں اضافہ کی ہدایت دی ۔ اجلاس میں پرنسپل سکریٹری انڈسٹریز جیشن رنجن ، سکریٹری ہیلت مرتضیٰ علی رضوی ، ڈائرکٹر ڈرگ کنٹرول ڈاکٹر پریتی مینا ، ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر رمیش ریڈی ، ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ ، ٹیکنیکل اڈوائزر ڈاکٹر ٹی گنگا دھر اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔