دواخانوں کیلئے درکار مقدار میں آکسیجن کی فراہمی ضروری

   

دہلی کی طرح تلنگانہ میں حالات پیدا ہونے پر قابو پانا مشکل ہوگا
حیدرآباد۔3مئی (سیاست نیوز) دہلی کے دواخانوں میں جو صورتحال دیکھی جا رہی ہے اگر ریاست تلنگانہ میں بھی درکار مقدار میں آکسیجن کی فراہمی کے اقدامات نہیں کئے جاتے ہیں توحالات انتہائی سنگین ہوجائیں گے اور دواخانوں میں پیش آنے والے حادثات کو روکنا مشکل ہوجائے گا۔ دہلی کے دواخانوں میں آکسیجن کی قلت اور مریضوں کی بہتات اور سینکڑوں مریضوں کے آکسیجن کے سہارے چل رہی سانسوں کے متعلق کئی ایمرجنسی اپیلیں کی جانے لگی ہیں اور کہا جارہا ہے کہ اگر دہلی کے حالات تلنگانہ میں پیدا ہوجاتے ہیں تو ان پر قابو پانا ناممکن ہو جائے گا کیونکہ دہلی جو کہ ملک کا دارالحکومت ہے وہاں دواخانوں کو درپیش آکسیجن کی قلت پر قابو پانے کے اقدامات پر توجہ دہانی کی صورت میں ریاستی و مرکزی حکومت کے علاوہ کئی ادارے موجود ہیں جو کہ دواخانوں کو درپیش آکسیجن کی قلت کے مسائل سے آگہی حاصل ہونے پر آکسیجن کی قلت کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود کئی مریض آکسیجن نہ ملنے کی وجہ سے فوت ہورہے ہیں۔اسی طرح ریاست تلنگانہ میں اگر دواخانوں میں آکسیجن کی قلت پیدا ہونے لگ جاتی ہے تو دواخانوں میں مریضوں کی اموات واقع ہونی شروع ہوجائیں گی اور ان اموات پر قابو پانا مشکل ہوتا چلا جائے گا۔شہر حیدرآباد کے بعض دواخانو ں سے اس بات کی شکایات موصول ہونے لگی ہیں کہ دواخانوں میں آکسیجن درکار مقدار میں نہیں پہنچ پا رہی ہے جس کی وجہ اموات واقع ہونے لگی ہیں لیکن یہ مسئلہ ابھی شدت اختیار نہیں کررہا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ کئی دواخانوں میں جہاںمریضو ںکو آکسیجن فراہم کرتے ہوئے شریک کیا جا رہاہے آکسیجن کی قلت کے سبب انہیں کم آکسیجن پر رکھا جانے لگا ہے اور جب کسی مریض کو شدت کے ساتھ زیادہ آکسیجن کی ضرورت محسوس ہونے لگتی ہے تو دواخانہ کے انتظامیہ کی جانب سے مریض کے رشتہ دارو ںکو کہا جا رہاہے کہ وہ آکسیجن کا انتظام کریں یا مریض کو گھر لے جائیں ۔گذشتہ یوم قلت شہر میں واقع ایک خانگی دواخانہ میں آکسیجن نہ ہونے کے سبب ایک 54 سالہ شخص کی موت واقع ہوگئی اور خود ڈاکٹرس نے اس بات کی توثیق کی کہ انہیں درکار آکسیجن کی فراہمی کا کوئی انتظام نہیں تھا اسی لئے انہیں محدود مقدار میں آکسیجن فراہم کی جا رہی تھی اور جیسے جیسے آکسیجن کی سطح کم ہوتی جا رہی تھی اس شخص کے اعضائے رئیسہ نے کام کرنا بند کردیا۔شہر کے اطراف و اکناف کے دواخانوں میں جو صورتحال دیکھی جارہی ہے اسے دیکھتے ہوئے کہا کہ جا رہاہے کہ اگر ریاستی حکومت کی جانب سے ریاست میں خانگی دواخانوں میں آکسیجن کی سربراہی کو بہتر بنانے کے اقدامات نہیں کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں تلنگانہ کے دواخانوں کے حالات دہلی کے دواخانوں سے ابتر ہوجائیں گے اور مریضوں کی اموات کورونا وائرس سے زیادہ آکسیجن نہ ملنے کی وجہ سے ہوں گی۔