حیدرآباد۔ حکومت نے کورونا مریضوں کے بہتر علاج کو یقینی بنانے دواخانوں میں داخلہ کے وقت کورونا پازیٹیو رپورٹ کی شرط کو ختم کردیا ہے۔ حکومت نے واضح کیا کہ اگر کسی مریض میں کورونا علامات موجود ہوں تو ہر دواخانہ کو چاہیئے کہ وہ کورونا پازیٹیو رپورٹ پر اصرار کئے بغیر شریک کریں اور علاج کا آغاز کیا جائے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ کورونا پازیٹیو کی شرط کے نتیجہ میں مزید افراد میں وائرس پھیلنے کا اندیشہ رہتا ہے۔ دواخانوں میں شریک کرنے سے متعلق مرکزی حکومت کی ہیلت پالیسی کو ریاست نے اختیار کیا ہے۔ حکومت نے کہا ہے کہ کسی بھی مریض کو علاج سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے مریضوں کے داخلہ پر بھی کوئی پابندی نہیں رہے گی۔ بیرونی ریاستوں کے مریضوں کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ ایسے شہر سے تعلق رکھتے ہیں جہاں کوئی بڑا ہاسپٹل نہیں ہے۔ حکومت کی جانب سے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ ہیلت آفیسرس کو رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے ہیں۔