دوباک میونسپلٹی شاپنگ کامپلکس کیلئے درخواستیں مطلوب

   

ڈپازٹ اور کرایہ زیادہ مقرر کرنے پر عوام ناراض، سی پی آئی کی میونسپل کمشنر سے نمائندگی
دوباک۔ دوباک میونسپلٹی میں پوچماں مندر کے قریب واقع میونسپل شاپنگ کامپلکس میں 20 دکانات جن کا تعمیری کام مکمل ہوکر افتتاح کیلئے تیار ہیں ،کل میونسپل کمشنر گنیش ریڈی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 14 تاریخ سے 21 تاریخ تک درخواستیں دی جاسکتی ہیں اور 23 تاریخ کو اوپن ٹنڈر کے ذریعہ دکانات کا ہراج کیا جائے گا۔ خواہشمند افراد میونسپل کمشنر دوباک کے نام سے 50 ہزار روپئے ڈی ڈی درخواست فارم کے ساتھ جمع کرکے میونسپل آفس میں دے سکتے ہیں۔ان دکانات کا کرایہ 7 ہزار مقرر کیا گیاہے۔50 ہزار روپئے ڈپازٹ اور 7 ہزار روپئے کرایہ مقرر کرنے پر خود ٹی آر ایس پارٹی کے کونسلرس اور اپوزیشن پارٹی کے قائدین کافی تنقیدیں کررہے ہیں۔ بالخصوص عوام کی جانب سے میونسپل کمشنر اور میونسپل چیرپرسن پر سوشیل میڈیا پر تنقیدیں کررہے ہیں۔ آج سی پی ایم پارٹی کے قائدین نے دوباک میونسپلٹی آفس پر دھرنا دیا اور میونسپل کمشنر گنیش ریڈی کو یادداشت پیش کی جس میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ غریب عوام کو روزگار فراہم کرنے کی غرض سے میونسپلٹی شاپنگ کامپلکس تعمیر کیا گیا ہے۔ غریب عوام کو بغیر ڈپازٹ کے دکانات الاٹ کرنے اور دکانات کے کرایہ کو 3 ہزار روپئے مقرر کرنے کا مطالبہ کیا۔ ایسا نہ ہونے پر عوام کی بڑی تعداد کے ساتھ میونسپل آفس کے سامنے دھرنا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ اس پروگرام میں سی پی ایم قائدین کومپلی بھاسکر، محمد غوث ، سوامی پرساد موجود تھے۔