دوباک میں بی جے پی کی کامیابی کانگریس کیلئے چوکسی کا سبق

   

بی جے پی کی نہیں تلنگانہ جہد کار کی کامیابی، پونم پربھاکر اور شراون کا ردعمل
حیدرآباد۔ کانگریس قائدین نے دوباک میں بی جے پی کی کامیابی کے پس منظر میں کانگریس قائدین اور کارکنوں کو سخت چوکسی اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دوباک کا نتیجہ ہمیں 2023 میں اقتدار پر واپسی کیلئے مزید محنت کرنے کا پیام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوباک کا نتیجہ کانگریس کی شکست نہیں بلکہ حکومت کے خلاف عوام کی ناراضگی ہے۔ کانگریس قائدین اور کارکنوں نے انتخابی مہم میں حتی المقدور مساعی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاستی حکومت کی ناکامیوں کو مزید بہتر طور پر آشکار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی کامیابی سے ٹی آر ایس حکومت کے خلاف عوامی ناراضگی واضح ہوچکی ہے۔ اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر شراون نے کہا کہ دوباک میں تلنگانہ تحریک کے جہد کار رگھونندن راؤ کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بی جے پی کی نہیں بلکہ رگھونندن راؤ کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کانگریس کے حق میں ووٹ دینے والے رائے دہندوں سے اظہار تشکرکیا۔ ڈاکٹر شراون نے کہا کہ دوباک کا نتیجہ کے سی آر کی حکمرانی پر عوامی ناراضگی کا مظہر ہے۔ دوباک کے عوام نے کے سی آر کو سبق سکھایا ہے۔ ٹی آر ایس کی جانب سے دولت اور طاقت کے بیجا استعمال کے باوجود عوام نے حکومت کے خلاف ووٹ دیا ہے۔ ملنا ساگر پراجکٹ کے متاثرین نے ناانصافیوں کا حکومت سے بدلہ لیا۔ دوباک کے نتیجہ پر کے سی آر کو ہوش میں آنا چاہیئے اور اراضی سے محروم خاندانوں کو مناسب معاوضہ یا متبادل اراضی فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہی کے موقع پر کانگریس امیدوار کے خلاف سوشیل میڈیا کے ذریعہ چلائی گئی مہم سے پارٹی کو نقصان ہوا۔