دوباک پولیس نے بی آر ایس کیلئے کام کیا

   

رقومات کی تقسیم کی گئی ۔ رگھونندن راؤ کا ڈی جی پی کو مکتوب
حیدرآباد 12 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) بی جے پی کے ریاستی سکریٹری رگھو نندن راؤ سابق رکن اسمبلی دوباک نے ڈی جی پی سے مطالبہ کیا ہے کہ دوباک اسمبلی حلقہ میں انتخابات سے تین دن قبل ہی ڈیوٹی پر رجوع ہونے والے پولیس عملہ کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس عملہ نے سابق ریاستی وزیر ہریش راؤ کی ہدایت پر کام کیا ہے اور انہوں نے بی آر ایس امیدواروں کی تائید کی تھی ۔ رگھو نندن راؤ نے ڈی جی پی کو ایک مکتوب روانہ کیا اور کہا کہ بی آر ایس کی جانب سے رائے دہندوں میں رقومات تقسیم کی گئیں تاکہ ان کے ووٹ حاصل کئے جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ 28 اور 29 نومبر کی درمیانی شب کو یہ رقومات تقسیم کی گئیں اور پولیس کمشنر سدی پیٹ اور دوسرے عہدیداروں نے بی جے پی کی مسلسل شکایات کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے برخلاف بی جے پی کارکنوں کے خلاف ہی مقدمات درج کئے گئے جنہوں نے بی آر ایس کی جانب سے بدعنوانیوں کی اطلاعات دی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی مقامات پر رقومات تقسیم کرنے والوں کو رنگے ہاتھوں پکڑتے ہوئے پولیس کو اطلاع دی گئی تھی ۔ اس کے باوجود وہاں کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور نہ ہی کوئی ایف آئی آر درج کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عملہ نے بی آر ایس امیدواروں کے حق میں کام کیا تھا اور انہیں ہریش راؤ ہدایات دے رہے تھے ۔ ایسا کرنے والے تمام پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے ۔