دوخواتین کی برہنہ پریڈ پر چیف جسٹس نے کیا برہمی کا اظہار, یہ واقعہ روح کو جھنجھوڑ دینے والا ہے 

,

   

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منی پور میں دو خواتین کی برہنہ پریڈ کے معاملے کا ازخود نوٹس لیا ہے۔ سپریم کورٹ نے خواتین کی پریڈ کے ویڈیو پر تشویش کا اظہار کیا اور چیف جسٹس‌ڈی وائی چندرچوڑ نے اس واقعہ کو روح کو جھنجھوڑ دینے والا بتایا ہے۔ منی پور واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے سی جے آئی نے کہا کہ جمہوری ملک میں اس طرح کے واقعات کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے ریاستی اور مرکزی حکومت سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں عدالت کو مطلع کریں۔

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے کہا کہ وہ منی پور کی خواتین کی تصاویر سے بہت پریشان ہیں۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ ویڈیو دیکھ کر ہم بہت پریشان ہیں۔ منی پور کی ویڈیو روح کو ہلا دینے والی ہے۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ریاستی حکومت اس پورے واقعہ کا فوری نوٹس لے گی کیونکہ ہمیں میڈیا رپورٹس کی بنیاد پر اس واقعہ کی اطلاع ملی ہے۔ اس ویڈیو نے ہماری روح کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ‘ایک جمہوری ملک میں اس طرح کے واقعے کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ خواتین کے حقوق کے حوالے سے اس قسم کا واقعہ روح کو ہلا دینے والا ہے… یہ آئین کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ خواتین کے خلاف ایسے واقعات جمہوریت میں قابل قبول نہیں ہیں۔ حکومتوں کو فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔ سپریم کورٹ نے منی پور ریاستی حکومت سے پورے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے