ملبورن۔30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے مجوزہ دورے کے لیے آسٹریلیا نے اپنی ون ڈے ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں زخمی فاسٹ بولر شین ابیٹ کے مقام پر جارحانہ آل رائونڈر ڈی آرسی شاٹ کو شامل کرلیا ہے۔ آسٹریلیا کا ہندوستانی دورہ 14 جنوری کو کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے سے ہوگا اور آسٹریلیائی ٹیم ہندوستان کے خلاف تین مقابلوں کی ون ڈے سیریز کھیلے گی جس کے ماباقی دو مقابلے 14 جنوری کو راج کوٹ اور 19 جنوری کو بنگلور میں کھیلے جائیں گے۔ ہندوستان کے دورے کے لیے پہلے فاسٹ بولر شین کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن وہ عضلات میں جکڑن کے بعد ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں۔ لہٰذا اب ان کے مقام پر جارحانہ کھلاڑی ڈی آرسی کو شامل کیا گیا ہے کیوں کہ فاسٹ بولنگ شعبہ میں پہلے ہی مچل اسٹارک کی قیادت میں 2019ء کے کامیاب ترین بولر پیاٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ اور کین رچرڈسن موجود ہیں۔ اہم فاسٹ بولروں کی موجودگی اور ہندوستانی وکٹوں کے اعتبار سے شین کے مقام پر ایک اوپننگ آل رائونڈر کو شامل کیا گیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ شین ہندوستانی دورے کا حصہ ہونے کے باوجود زخمی ہونے کے باعث دورے سے باہر ہوچکے ہیں۔ علاوہ ازیں بال ٹمپرنگ تنازعہ کے بعد پہلی مرتبہ سابق کپتان اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر بھی ہندوستان کا دورہ کررہے ہیں۔ ہندوستانی دورے پر آنے والی آسٹریلیائی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔