محنت سے مشکلیں آسان ہوتی ہیں، محبوب نگر میں سمینار ، سابق سی بی آئی جوائنٹ ڈائرکٹر کا خطاب
محبوب نگر ۔ 5 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) طالبِ علم کے لئے ضروری ہے کہ وہ موبائل فون سے دور رہے۔ موبائل فون کے استعمال سے طالب علم کی ذہنی صلاحیتیں متاثر ہوتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سی بی آئی کے سابق جوائنٹ ڈائرکٹر لکشمی نارائنا نے مستقر محبوب نگر کے جے پی این سی ای کالج میں تعلیمی شعور بیداری سمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے طلباء سے انتہائی معلوماتی خطاب کے دوران کہا کہ طلباء اپنے مستقبل کے لئے ایک نشانہ مقرر کریں اور پھر اس کے حصول تک سخت محنت کرتے رہیں اور حاصل کرکے ہی رہیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ زندگی میں آنے والے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ اس طرح وہ کامیاب زندگی کا سفر طئے کرسکتے ہیں۔ ہمیشہ مثبت سوچ میں رہیں اپنے خیالات کو نوٹ کرنے کی عادت ڈالیں۔ تعلیم صبر اور تہذیب سکھاتی ہے لہذا والدین کے بعد سب سے زیادہ قدر کے لائق اساتذہ ہی ہوتے ہیں۔ انہوں نے خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ بہتر سماج کی تعمیر میں انجینئرز کا رول بڑا اہم ہوتا ہے۔ لہذا آپ سب ہمیشہ ٹاپ رینکرز رہیں۔ اپنی دوستی ایسے دوستوں کے ساتھ رکھیں جن سے آپ کی غیرت اور وقار میں اضافہ ہوتا ہو، وقت کی ہمیشہ قدر کریں۔ دل لگاکر محنت کرنے سے بڑی بڑی مشکلیں بھی آسان ہوتی ہیں۔ سمینار کی صدارت جے پی این سی ای چیرمین کے ایس روی کمار، سکریٹری وینکٹ راما راؤ، پرنسپل سجیون کمار، و دیگر موجود تھے۔ سمینار میں طلباء اور والدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔