دوسرا ٹسٹ : ٹیم انڈیا پہلی اننگز میں201رنز پر ڈھیر‘ جنوبی افریقہ کی گرفت مضبوط

   

مارکو یانسن نے6وکٹ لیکر تاریخ رقم کی‘مہمان ٹیم کو مجموعی طور پر314رنز کی سبقت حاصل

گوہاٹی ۔24؍نومبر ( ایجنسیز ) ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان گوہاٹی میں جاری دوسرے کرکٹ ٹسٹ میں بھی مہمان ٹیم کی پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے ۔جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں489رنز بنائے اور جواب میں ٹیم انڈیا 201رنز کے اسکور پر ڈھیر ہوگئی۔ 288 رنوں کی سبقت کے باوجود ہندوستان کو فالو آن دینے کی جگہ جنوبی افریقہ نے خود بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک مہمان ٹیم نے بغیر کوئی وکٹ کھوئے دوسری اننگز میں 26 رن بنا لیے۔ جنوبی افریقہ کی مجموعی سبقت اب 314 رنوں کی ہو گئی ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے پہلی اننگز میں محض 201 رنز ہی بنا سکی۔ جنوبی افریقہ کے تیز گیندباز مارکو یانسن نے پہلی اننگز میں 6 وکٹ لے کر ایک نئی تاریخ بھی رقم کر دی ہے۔ یعنی مارکو یانسن اور جنوبی افریقہ دونوں کیلئے ہی دوسرا ٹسٹ میچ اب تک یادگار ثابت ہوا ہے۔ہندوستانی ٹیم نے تیسرے دن بغیر کسی وکٹ کے 9 رنوں سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ کے ایل راہل اور یشسوی جیسوال نے بہترین انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا لیکن کیشو مہارا نے جیسے ہی راہل کو 22 رنوں کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیجا، وکٹ گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ فارم میں نظر آ رہے بلے باز دھرو جوریل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے اور سائی سدرشن ایک بار پھر نمبر 3 پر ناکام ہو گئے۔ کپتان رشبھ پنت نے محض 7 رن بنائے۔ رویندر جڈیجہ اور نتیش ریڈی بھی سستے میں پویلین لوٹ گئے۔ واشنگٹن سندر نے 48 اہم رنوں کا تعاون کیا۔ سندر گزشتہ ٹسٹ میچ میں تیسرے نمبر پر بلے بازی کرنے آئے تھے لیکن یہاں سائی سدرشن کو موقع دیا گیا تھا۔ کلدیپ یادو نے بھی کچھ حد تک جدوجہد کی اور 134 گیندوں میں 19 رن بنائے۔ سندر اور کلدیپ کے درمیان 8ویں وکٹ کیلئے 72 رنوں کی شراکت داری ہوئی ورنہ ہندوستانی ٹیم کی حالت مزید خستہ ہو جاتی۔ اس طرح پوری ٹیم 201 رنوں پر سمٹ گئی۔ مارکو یانسن نے 19.5 اوورس میں 48 رن دے کر 6 وکٹ لیے۔ وہ 2000 کے بعد ایسے تیسرے غیر ملکی کھلاڑی بن گئے ہیں جنھوں نے ہندوستان میں آ کر کسی ٹسٹ میچ میں 50 سے زیادہ اسکور بنایا اور 5 یا اس سے زیادہ وکٹ لیے ہوں۔ انھوں نے پہلی اننگز میں شاندار بیاٹنگ کرتے ہوئے 93 رن بنائے تھے۔