دولت سے کامیابی بھی کوئی کامیابی ہے؟

   

ٹی آر ایس سے پروفیسر کودنڈا رام کا سوال
حیدرآباد۔ تلنگانہ جنا سمیتی کے سربراہ پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ انہوں نے عہدہ کے لالچ میں ایم ایل سی الیکشن میں حصہ نہیں لیا تھا ۔ عوامی مسائل کے حل کو ایجنڈہ بناکر انہوں نے انتخابی مہم چلائی تھی۔ نتیجہ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کودنڈا رام نے کہا کہ حکومت سرکاری ملازمین کی توہین کررہی ہے اور انہیں انتہائی غیر اہمیت کے ساتھ دیکھا جارہا ہے۔ انہوں نے سرکاری ملازمین کے پی آر سی کے ساتھ کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کا مطالبہ کیا۔ کودنڈا رام نے کہا کہ اقتدار کو اپنے اثاثہ جات میں اضافہ کیلئے استعمال کیا جارہاہے ۔ ایک سوال کے جواب میں کودنڈا رام نے کہا کہ ناگرجنا ساگر کے ضمنی چناؤ میں کسی کی تائید کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل سی انتخابات میں ٹی آر ایس نے دولت کے استعمال کے ذریعہ کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے سوال کیا کہ دولت کے ذریعہ کامیابی بھی کیا کوئی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ ان کی تائید کرنے والے تمام رائے دہندوں سے اظہار تشکر کرتے ہیں اور سرکاری ملازمین اور نوجوانوں کے مسائل کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔