چیف منسٹر اے پی جگن موہن ریڈی کی تلنگانہ ہم منصب کے سی آر اور گورنر نرسمہن سے ملاقات
حیدرآباد۔یکم۔اگسٹ(سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اپنے دورہ حیدرآباد کے دوران چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے علاوہ گورنر تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی ۔ مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے پرگتی بھون پہنچ کر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے دونوں ریاستوں کے مفادات کے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ بتایاجاتا ہے کہ دونوں ریاستوں میں پانی کی تقسیم کے علاوہ سری سیلم میں پانی پہنچانے کے عمل کے سلسلہ میں دونوں ریاستوں کے وز رائے اعلی کے درمیان طویل تبادلہ خیال کیا گیا ۔ مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی اور مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زائد از تین گھنٹے جاری رہنے والی اس ملاقات کے دوران پانی کی تقسیم اور دیگر کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں چیف منسٹرس نے ملک کے سیاسی حالات اور علاقائی پارٹیوں کی صورتحال پر بھی بات چیت کی اور دونوں تلگو ریاستوں کے مفادات کے سلسلہ میں متحدہ جدوجہد اور اقدامات کے سلسلہ میں غور کیا گیا۔چیف منسٹر آندھرا پردیش کی اسرائیل اور امریکہ کے دورہ پر روانگی سے قبل چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کے متعلق کہا جا رہاہے کہ اس ملاقات میں دونوں ریاستوں میں سرمایہ کاری کے مواقع اور نئے شہری علاقو ںکی ترقی کے علاوہ دیگر امور پر بھی بات چیت کی گئی ۔ ملاقات کے دوران کالیشورم پراجکٹ کے ذریعہ پانی کے ضائع ہونے کو روکنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات اور پانی کو پمپ کرنے کے عمل سے ہونے والے فوائد پر بھی غور و خوص کیا گیا۔ دونوں وزرائے اعلی کی ملاقات کے دوران تلنگانہ راشٹر سمیتی رکن راجیہ سبھا مسٹر سنتوش کمار‘ مسٹر بی وند کمار کے علاوہ دیگر قائدین موجود تھے۔ قبل ازیں مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے گورنر تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے خیر سگالی ملاقات کی۔ بتایاجاتا ہے کہ گورنر سے ملاقات کے دوران بھی چیف منسٹر آندھرا پردیش نے دونوں ریاستوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔