دونوں شہروں میں 2 لاکھ 68 ہزار گنیش مورتیوں کا وسرجن،جی ایچ ایم سی سے 11 ہزار 200 ٹن کچرے کی نکاسی

   

حیدرآباد۔7 ۔ ستمبر ۔ (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں گنیش نمرجن جلوس کے دوران 2لاکھ 68 ہزار گنیش مورتیوں کا وسرجن عمل میں لایاگیا اور گنیش نمرجن جلوس کے بعد سے اتوار کی دوپہر کے دوران مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے صفائی عملہ نے جملہ 11ہزار 200 ٹن کچہرے کی منتقلی عمل میں لاتے ہوئے ریکارڈ قائم کیاہے۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر آر وی کرنن نے بتایا کہ دونوں شہر وں حیدرآباد وسکندرآباد میں 2لاکھ 68 ہزار گنیش مورتیوں کا وسرجن عمل میں لایاگیا جن میں 23 ہزار گنیش مورتیوں کا حسین ساگر میں وسرجن عمل میں آیا ۔ انہوں نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی حدود کے 6 زونس میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے گنیش وسرجن کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے جن میں عارضی تالابوں کی تعمیر و تنصیب بھی شامل ہے۔ انہو ںنے بتایاکہ گنیش جلو س گذرنے کے راستوں پر جی ایچ ایم سی کے عملہ نے فوری طور پر صفائی کا عمل شروع کرتے ہوئے 11 ہزار200 ٹن سے زائد کچہرے کی منتقلی کے اقدامات کئے اور صفائی کے بعد اس کچہرے کو جواہر نگر منتقل کیاگیا ہے۔ انہوں نے جی ایچ ایم سی کے 6 زونس میں گنیس وسرجن کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ تمام 6زونس میں دیڑھ تا 3 فیٹ کی جملہ 95ہزار 782 مورتیوں کا وسرجن عمل میں آیا ہے جبکہ 1لاکھ 72ہزار973 گنیش مورتیاں جو کہ 3 فیٹ سے زیادہ اونچی تھیں ان کا وسرجن مکمل کیا جاچکا ہے۔مسٹر آر وی کرنن نے بلدیہ کے صفائی عملہ کی جانب سے جلوس کے فوری بعد کی جانے والی صفائی کی مہم پر ستائش کرتے ہوئے کہا کہ جلوس گذرنے کے اہم راستوں پر موجود کچہرے کی نکاسی کے لئے کئے گئے خصوصی انتظامات کے نتیجہ میں شہر کی اہم اور مصروف سڑکوں پر کسی بھی طرح کی بدبو و تعفن کی شکایات موصول نہیں ہوئیں کیونکہ بلدیہ کے صفائی عملہ نے فوری طور پر کاروائی کرتے ہوئے جلوس گذرنے کے بعد صفائی کا عمل شروع کرتے ہوئے کچہرے کی منتقلی کو یقینی بنایاہے۔3