بی ایچ ای ایل میں 11.8 ڈگری درج کیا گیا ۔ سنگاریڈی میں 7.8 ڈگری درجہ حرارت
حیدرآباد 29 نومبر(سیاست نیوز) دونوں شہروں کے بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر میں اضافہ ہوگیا ہے اور 29 نومبر کی علی الصبح کئی علاقوں میں درجہ حرارت 8ڈگری تک ریکارڈ کیاگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق دونوں شہروں و بیشتر اضلاع میں طوفان کے اثرات سے بارش ہوسکتی ہے لیکن 29اور30 نومبر کو سردی کی لہر میں اضافہ کی پیش قیاسی کے بعد رات دیر گئے سردی لہریں ریکارڈ کی جانے لگی تھیں ۔ نواحی علاقوں بی ایچ ای ایل ‘ شیورام پلی ‘ آر سی پورم و دیگر مقامات پر درجہ حرارت کمہ وا ہے۔ ماہرین کے مطابق 29 نومبر کو سب سے کم درجہ حرارت 7.8 ضلع سنگاریڈی میں ریکارڈ کیاگیا جبکہ آصف آباد میں 8.3 ‘ عادل آباد میں 9.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا اس کے علاوہ وقارآباد میں 9.5 ‘ کاماریڈی میں 9.7 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ کہا جار ہاہے کہ 30نومبر کی صبح بھی سردی لہروں جاری رہے گی اور موسم سرما کی شدت کا احساس ہونے لگے گا۔شہر کے علاقوں میں سب سے کم درجہ حرارت بی ایچ ای ایل میں ریکارڈ کیاگیا جہاں درجہ حرارت 11.8 رہا جبکہ شیورام پلی میں 12.8 ڈگری ریکارڈ کیاگیا اور اسی طرح ویسٹ ماریڈ پلی میں 13.2 ڈگری ‘ جیڈی میٹلہ میں 13.7 ‘ راجندر نگر میں 13.9 ڈگری ریکارڈ کیاگیا ہے۔ شہرکے مختلف علاقوں میں کل شب اچانک سردی کی شدت میں اضافہ کے بعد سڑکوں پر گہماگہمی کم دیکھی گئی جبکہ رات دیر گئے دعوتوں میں بھی مہمانوں کی تعداد کم رہی ۔ خلیج بنگال میں نئے طوفان’دتوا‘ کے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کے اثرات تلنگانہ و آندھراپردیش پر بھی دیکھے جائیں گے۔ حیدرآباد وسکندرآباد کے بیشتر علاقوں میں آئندہ دو یوم مطلع ابرآلود رہے گا جبکہ درجہ حرارت میں گراوٹ کا سلسلہ جاری رہے گا۔3