پرائمری و اپر پرائمری اسکولس کوکل تعطیل کا اعلان۔ حیدرآباد۔ وجئے واڑہ شاہراہ بند کردی گئی ۔نشیبی علاقوں کے عوام کو راحت کاری کیمپوں میںمنتقل ہوجانے کا مشورہ
حیدرآباد31 اگسٹ(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں کل رات دیر گئے سے شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ کل رات دیر گئے بارش کا آغاز ہوا تھا جو صبح تک جاری رہا ۔ بارش کبھی ہلکی اور کبھی تیز ہوتی رہی ۔ آج صبح سے بھی بارش جاری رہی ۔ دن بھر میں کئی مواقع پر بارش تیز اور ہلکی ہوتی رہی تاہم بارش کا سلسلہ منقطع نہیں ہوا ۔ ہفتے کی شام دونوں ہی شہروں میں بارش نے تیزی اختیار کرلی اور موسلادھار بارش سے عوام کو مشکلات پیش آئیں۔ آج دن بھر بارش کی وجہ سے معمولات زندگی بھی متاثر ہوئے تھے ۔ گذشتہ شب سے جاری مسلسل بارش اور آئندہ دو یوم موسلادھار بارش کے پیش نظر حیدرآباد میں پرائمری اور اپر پرائمری اسکولوں کو 2ستمبر بروز پیر تعطیل کا اعلان کردیاگیا ۔ رات دیر گئے نلگنڈہ کمشنریٹ سے مسلسل موسلادھار بارش سے وجئے واڑہ ۔حیدرآباد شاہراہ کو بند کرنے کی اطلاع دی گئی اور اس کا استعمال کرنے والی ٹریفک کو متبادل راستہ اختیار کرنے کا مشورہ دیاگیا اور کہاگیا کہ وہ نارکٹ پلی کا راستہ اختیار کریں۔ ریاست میں مجموعی اعتبار سے 31 اگسٹ کو 250ملی میٹر بارش کی اطلاعات ہیں۔ شہر حیدرآباد کو جوڑنے والی بیشتر شاہراہوں پر مسلسل بارش اور پانی جمع ہونے سے کئی کیلو میٹرٹریفک جام رہا اور مسافرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد ۔ورنگل شاہراہ پر بھی کئی کیلو میٹر راستہ مسدود ہونے کے سبب گاڑیوں کی آمد ورفت متاثر ہوئی ہے ۔ حکومت نے آبپاشی عہدیدارو ںکو چوکس رہنے اور تمام ذخائر آب میں پانی کی سطح کا ہر گھنٹہ جائزہ لینے اور اعلیٰ حکام کو اس کے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ عثمان ساگر و حمایت ساگر کی سطح آب میں اضافہ کی اطلاعات ہیں اور موسیٰ ندی کے علاوہ عیسیٰ ندی کے بہاؤ میں بھی تیزی آئی ہے۔ دونوں شہروں میں بارش کے پیش نظر بلدیہ حیدرآباد و حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے خصوصی کنٹرول روم قائم کرکے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اقدامات کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہر کے تمام علاقوں میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران بارش کا سلسلہ جاری ہے اور حیدرآباد و نواحی علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش سے عام زندگی متاثر رہی علاوہ ازیں شہر کی کئی سڑکوں پر شام کے وقت ٹریفک جام رہی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں میں شہر و اطراف میں موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ۔ ہفتہ کی رات دیر گئے شہر میں بادل کے پھٹ پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کیونکہ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی تھی کہ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ کے سبب بادل گھن گرج اور تیز ہواؤں کے ساتھ برسنے کا امکان ہے۔ حیدرآباد کلکٹریٹ میں بارش کے دوران حادثات سے نمٹنے ضلع کلکٹر مسٹر انودیپ درے شیٹی نے کنٹرول روم قائم کرکے نمبرات عوام کیلئے جاری کئے اور کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر فون نمبرات 23202813 ‘ 9063423979‘ 7416818610‘9985117660 کے علاوہ آرڈی او سکندرآباد سے فون نمبر 8019747481 پر راست ربط قائم کیا جاسکتا ہے۔ کلکٹر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بارش کے دوران گھروں سے نکلنے سے اجتناب کریں ۔ شیخ پیٹ‘ ٹولی چوکی ‘ ندیم کالونی ‘ تالاب کٹہ ‘ نشیمن نگر ‘ کالا پتھر ‘ تاڑبن کے علاوہ دیگر کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات ملیں دونوں شہروں میں بارش کی صورت میں این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو متحرک رہنے کی ہدایت دی گئی ۔ نشیبی علاقوں حافظ بابا نگر‘ اشوک نگر‘ رام نگر‘ تالاب کٹہ ‘ نواب صاحب کنٹہ ‘ بہادرپورہ و دیگر مقامات کے علاوہ موسیٰ ندی کے اطراف مکینوں پر خصوصی نظر رکھنے انتظامات کئے گئے ۔ نشیبی علاقوں کے عوام سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ شدید بارش کے پیش نظر مکانات کا تخلیہ کرکے راحت کاری کیمپوں میں منتقل ہویں ۔ واحد نگر‘ موسیٰ رام باغ‘ احمد نگر ‘ عنبر پیٹ‘ کاچی گوڑہ ‘ ملک پیٹ کے علاوہ چنچل گوڑہ ‘ دبیر پورہ‘ بندلہ گوڑہ ‘ بندلہ گوڑہ جاگیر ‘ سن سٹی و دیگر مقامات پر بھی ہنگامی عملہ کو تعینات کیا گیا ہے۔سوماجی گوڑہ ‘ مقطعہ مدار صاحب‘ مقطعہ بھولے صاحب‘ بیگم پیٹ‘ امیر پیٹ ‘ پنجہ گٹہ ‘ جوبلی ہلز‘ رحمت نگر ‘ کرشنا نگر ‘ یوسف گوڑہ کے علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات پر خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی اور ایچ ایم ڈی اے سے حسین ساگر کی سطح آب پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے ۔ 3