دونوں شہروں میں گھن گرج کے ساتھ طوفانی بارش، کئی مکانات میں پانی داخل

   

سڑکیں جھیل میں تبدیل، گھنٹوں ٹریفک جام، کئی علاقوں میں برقی سربراہی منقطع‘شہر میں آئندہ 5 دن بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔/2 ستمبر، ( سیاست نیوز) دونوں شہروں میں شام سے گھن گرج کے ساتھ جاری ہلکی اور تیز بارش ّے کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوجانے کی شکایات ہیں۔ محکمہ موسمیات کی تفصیلات کے مطابق شہر کے علاقہ بالا نگر میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ شیر لنگم پلی، مادھا پور، اُپل، چارمینار، راجندر نگر، بنڈلہ گوڑہ میں کئی گھنٹوں تک وقفہ وقفہ سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ تلنگانہ کے بیشتر اضلاع کیلئے محکمہ موسمیات نے زرد انتباہ جاری کیا اور آئندہ پانچ دن زْژمزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ جی ایچ ایم سی کے شعبہ ای وی ڈی ایم سے شہریوں کیلئے انتباہ جاری کرکے اپیل کی گئی کہ وہ موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھ کر غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ شام7 بجے کے بعد بارش کے نتیجہ میں کئی علاقوں میں ایک طرف ٹریفک جام ہوگئی وہیں برقی سربراہی منقطع ہوگئی۔ رات دیر گئے تک بھی برقی سربراہی کو بحال نہیں کیا جاسکا۔ بیشتر سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں جس سے کئی مقامات پر کئی کیلو میٹر تک ٹریفک جام ہوگئی۔ بلدیہ کا عملہ ایک طرف پانی کی نکاسی میں مصروف تھا اور دوسری طرف ٹریفک پولیس ٹریفک مسائل حل کرنے میں تعاون کررہی تھی۔ گزشتہ برس بارش سے شدید متاثر علاقہ جات کے عوام میں موسلا دھار بارش کو دیکھتے ہوئے خوف کی لہر دوڑ گئی ۔ شاہین نگر، عثمان نگر، بالا پور، غوث نگر، بنڈلہ گوڑہ، حافظ بابا نگر، الجبیل کالونی، سبحان کالونی، تالاب کٹہ، نشیمن نگر کے علاقوں میں جی ایچ ایم سی ایمرجنسی عملہ کو متحرک دیکھا گیا۔ نئے شہر کے علاقوں یوسف گوڑہ، کرشنا نگر، بیگم پیٹ، خیریت آباد، پنجہ گٹہ کی اہم سڑکوں پر بھی پانی جمع ہوگیا اور سڑکیں جھیل کا منظر پیش کررہی تھیں۔ یوسف گوڑہ، کرشنا نگر کے علاقہ میں مادھا پور ، جوبلی ہلز سے پہنچنے والے بارش کے پانی کی وجہ سے سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئی تھیں۔ پانی کے بہاؤ میں میوہ فروشوں کی ٹھیلہ بنڈیاں بہہ گئیں۔ جی ایچ ایم سی حکام نے محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کو دیکھتے ہوئے تمام زونل کمشنرس کو چوکسی کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ آبرسانی و محکمہ آبپاشی نے مضافاتی علاقوں میں ذخیرہ آب اور تالابوں پر خصوصی نظر رکھتے ہوئے اپنے ماتحتین کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ چوکنا رہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 5 دن تک گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ہلکی اور تیز بارش ہونے کی پیش قیاسی کی ہے۔ ساتھ ہی مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ موسم سرد رہنے کی اطلاع دی ہے۔N