دھان کی خریدی کے مسئلہ پر بی جے پی کو وزیر زراعت نرنجن ریڈی کا چیلنج

   

Ferty9 Clinic

مرکز سے مکتوب حاصل کریں یا بنڈی سنجے استعفیٰ دیں
حیدرآباد۔28 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں دھان کی خریدی کے مسئلہ پر اپوزیشن کی جانب سے حکومت کو نشانہ بنانے کے دوران وزیر زراعت نرنجن ریڈی نے آج بی جے پی پر جوابی حملہ کیا ہے۔ انہوں نے دھان کی خریدی پر روک لگاتے ہوئے مرکز کی جانب سے جاری کردہ مکتوب کو میڈیا میں جاری کردیا اور واضح کیا کہ مرکز کی ہدایت کے مطابق دھان کی خریدی کے سلسلہ میں حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بی جے پی کو چیلنج کیا کہ وہ شام 5 بجے تک مرکز سے مکتوب حاصل کرے جس میں دھان کی خریدی کا اعلان کیا جائے ۔ اگر یہ مکتوب حاصل کرلیا گیا تو وہ وزارت سے استعفیٰ دے دیں گے اور اگر بی جے پی یہ مکتوب حاصل کرنے میں ناکام رہے تو اس مسئلہ پر احتجاج کرنے والے پارٹی صدر بنڈی سنجے کو استعفیٰ دینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے دھان کی خریدی پر ایک لاکھ کروڑ خرچ کئے ہیں۔ ہر دیہات میں دھان کی خریدی کے مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور آباد میں سیاسی فائدہ حاصل کرنے کیلئے بنڈی سنجے نے دھان کی خریدی کے مسئلہ پر احتجاج کیا ہے جبکہ تلنگانہ حکومت نے دھان کے کسانوں کے ساتھ ہمیشہ رعایت کا معاملہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی جانب سے دھان کی خریدی کے فیصلہ تک بی جے پی قائدین کو احتجاج جاری رکھنا چاہئے۔ انہوں نے مرکزی وزارت اغذیہ و سیول سپلائیز کی جانب سے کمشنر سیول سپلائیز کو روانہ کردہ مکتوب میڈیا کے لئے جاری کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے زرعی شعبہ کی ترقی اور کسانوں کی بھلائی کے لئے جو قدم اٹھائے ہیں ، اس کی مثال ملک کی کوئی اور ریاست پیش نہیں کرسکتی۔ ر