ترقی اور فلاح و بہبود میں تلنگانہ سرفہرست ، گدوال میںترقیاتی کاموں کا افتتاح، کے سی آر کا جلسہ عام سے خطاب
حیدرآباد ۔12 ۔ جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دھرانی پورٹل کی مخالفت کرنے والوں کو سبق سکھانے کی عوام سے اپیل کی اور الزام عائد کیا کہ دھرانی کی برخواستگی سے بروکرس و درمیانی افراد کی واپسی کی مہم چلائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرانی پورٹل کی مخالفت کرنے والوں کو عوام سبق سکھائیں گے۔ چیف منسٹر نے آج گدوال کا دورہ کیا اور مختلف ترقیاتی پروگراموں میں حصہ لیا۔ انہوں نے ضلع کلکٹریٹ کی نئی عمارت کا افتتاح انجام دیا ۔ اس موقع پر خطاب میں کے سی آر نے کہا کہ تمام طبقات کی ترقی اور بھلائی کیلئے حکومت کوشاں ہے۔ کے سی آر نے کہا کہ رعیتو بندھو اور رعیتو بیمہ اسکیمات پر عمل میں دھرانی پورٹل کا اہم رول ہے۔ انہوں نے کہا کہ گدوال ضلع کی ترقی میں دونوں ریاستی وزراء کا اہم رول ہے ۔ دونوں وزراء تلنگانہ تحریک سے تعلق رکھتے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ محبوب نگر ضلع میں سابق میں 14 دن میں ایک مرتبہ پینے کا پانی سربراہ کیا جاتا تھا لیکن بی آر ایس حکومت نے مشن بھگیرتا کے ذریعہ گھر گھر پینے کا پانی سربراہ کیا ہے۔ انہوں نے سابق میں محبوب نگر سے لاکھوں افراد روزگار کیلئے نقل مقام کرتے رہے۔ محبوب نگر خشک سالی سے متاثرتھا ۔ برقی و پانی کے بحران پر بی آر ایس حکومت نے قابو پالیا ۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش کے سرحدی علاقوں کے عوام تلنگانہ کی ترقی سے متاثر ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ محبوب نگر میں 225 گرام پنچایت ، 12 منڈل اور 4 میونسپلٹیز ہیں۔ انہوں نے ہر گرام پنچایت کے لئے 10 لاکھ روپئے، ہر منڈل کے لئے 15 لاکھ روپئے اور میونسپلٹیز کی ترقی کیلئے 50 کروڑ کی گرانٹ کا اعلان کیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بعض افراد دھرانی پورٹل کو خلیج بنگال میں پھینکنے کا اعلان کر رہے ہیں۔ رعیتو بندھو کی امدادی رقم آپ کے اکاؤنٹ میں جمع ہورہی ہے، عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ دھرانی پورٹل کی مخالفت کرنے والوں کو سبق سکھائیں۔ قبل ازیں کلکٹریٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کے سی آر نے کہا کہ ملک کی بڑی ریاستوں میں ترقی کے معاملہ میں مسابقت جاری ہے ۔ تلنگانہ انفرادی آمدنی کی شرح میں سرفہرست ہے ۔ برقی ، پانی و دیگر کئی شعبہ جات میں تلنگانہ نے دیگر ریاستوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ گدوال پہنچنے پر وزراء اور عوامی نمائندوں نے کے سی آر کا ہیلی پیاڈ پر استقبال کیا ۔ کے سی آر نے بی آر ایس کے نئے آفس کے افتتاح سے قبل پارٹی پرچم لہرایا ۔ر