دھرم سنسد کے خلاف بریلی میں مسلمانوں کا زبردست احتجاج

,

   

مسلمان قربانی دینے تیار، جنگ ہمارے خون میں شامل: مولانا توقیر رضا خان

بریلی: اتحاد ملت کونسل کے بانی مولانا توقیر رضا خان نے کچھ روز قبل دھرم سنسد اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کے خلاف بریلی میں آج ایک جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان پیدائشی جنگجو ہیں لیکن ہم اپنے ہندو بھائیوں پر اپنی بہادری کا مظاہرہ کرنا نہیں چاہتے۔ اگر آپ اتنے ہی بہادر ہیں تو ہمارے ساتھ چین کی سرحد پر آکر لڑیں۔ آپ نے ہمیشہ ہمارے مقدس قرآن مجید کی بے حرمتی کی اور ہمارے رسولؐ کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے۔ ہم خون کے آنسو روئے لیکن خاموش رہے۔ دوسری طرف دھرم سنسد کے نام پر نفرت پھیلائی جاتی رہی۔ خواتین کو بے عزت کیا گیا لیکن کسی چیز کو بھی برداشت کرنے کی ایک حد ہوتی ہے۔ اب مسلمانوں کے صبر کا پیمانہ چھلک گیا ہے۔ توقیر رضا نے حکومت کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ یہاں موجود 20,000 مسلم نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہتھیار دیئے جائیں تو ہم چین کے قبضہ سے کیلاش مانسرور کو آزاد کرواکر ہمارے ہندو بھائیوں کو بطور تحفہ دے سکتے ہیں۔ اگر ہم برے ہیں تو پھر ہم یہاں اپنے وطن کے لیے مرمٹنے آئے ہیں۔ ہری دوار میں مسلمانوں کے قتل عام کی جو کال دی گئی ہے ہم سب اس کی مذمت کرتے ہیں۔