نئی دہلی/دھرم شالہ: ہندوستان کے پاکستان پر میزائل حملے کے بعد دھرم شالہ کے ایرپورٹ کو عارضی طور پر بند کرنے سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیموں کے سفری منصوبوں کو بری طرح متاثرکردیا ہے، اور بی سی سی آئی اس کشیدہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے مختلف راستوں پر غورکررہا ہے۔ دھرم شالہ میں اس ہفتے دو اہم میچزمقرر ہیں۔ پہلا میچ پنجاب کنگز اور دہلی کیپیٹلزکے درمیان جمعرات کوکھیلا جانا ہے، جبکہ دوسرا میچ11 مئی کوپنجاب کنگز اور ممبئی انڈینزکے درمیان ہوگا۔ ذرائع کے مطابق جمعرات کے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں پہلے ہی شہر میں پہنچ چکی ہیں، لیکن موجودہ کشیدہ حالات کے پیش نظر رات کے وقت فلڈ لائٹس کا استعمال ایک سیکیورٹی خدشہ بن چکا ہے، جس کی وجہ سے یہ خدشہ پیدا ہوگیا ہے کہ میچ شیڈول کے مطابق ہو پائے گا یا نہیں۔ دھرم شالہ ایک پہاڑی علاقہ ہے جہاں فضائی آمد و رفت محدود ہے، اور ایئرپورٹ کی بندش کی وجہ سے زمینی راستوں سے ٹیموں،عہدیدارووں اور ضروری سازوسامان کی نقل و حرکت ایک بڑا چیلنج بن گئی ہے۔بی سی سی آئی موجودہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور جلد ہی فیصلہ متوقع ہے کہ میچز کو ری شیڈول کیا جائے یا متبادل مقام پر منتقل کیا جائے۔مزید فیصلے سیکیورٹی ایجنسیوں کی مشاورت سے کیے جائیں گے۔