دھرمیندر کی نجی زندگی میں پریشانی پیدا کرنے پر پولیس میں شکایت

   

ممبئی، 14 نومبر (یو این آئی) انڈین فلم اینڈ ٹیلی ویژن ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن نے کچھ صحافیوں اور میڈیا اہلکاروں کے خلاف دھرمیندر کی بیماری کے دوران ان کی نجی زندگی کی مبینہ خلاف ورزی پر پولیس میں باضابطہ شکایت درج کرائی ہے ۔ دھرمیندر حال ہی میں بیماری کے بعدہاسپٹل میں داخل تھے ۔دراصل منگل کی دیر شام سوشل میڈیا پر دھرمیندر کی موت کی جھوٹی افواہ پھیل گئی تھی، جبکہ خاندان پہلے ہی 12 نومبر کو یہ تصدیق کر چکا تھا کہ ان کی حالت مستحکم ہے اور انہیں بریچ کینڈی ہاسپٹل سے گھر لے جایا گیا ہے تاکہ علاج گھر پر جاری رکھا جاسکے ۔ اس دوران کچھ میڈیا اہلکار ہاسپٹل اور اداکار کے گھر کے باہر لگاتار موجود رہے ، جس کی وجہ سے کنبے کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔آئی ایف ٹی ڈی اے کے ذرائع کے مطابق،آئی ایف ٹی ڈی اے کے صدر اشوک پنڈت نے 13 نومبر کو جوہو پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی شکایت میں مخصوص ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز سے وابستہ افراد اور فوٹوگرافروں پر تجاوزات اور غیر اخلاقی طرزِ عمل اختیار کرنے کا الزام لگایا گیا ہے ۔