دھمکیوں کی پرواہ نہیں ، ہر قطرۂ خون ہندوستان کی نذر

,

   

مہاملاوٹ سرکار کے ادھورے نتائج ، وزیراعظم مودی کا خطاب

کانچی پورم /کلابرگی۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ وہ اپنے خلاف دھمکیوں اور گالی گلوج کی پرواہ نہیں کرتے اور دعویٰ کیاکہ ان کے خون کا ہر قطرہ ہندوستان کیلئے ہے اور وہ سب کچھ کر گذریں گے جو ہندوستان کو طاقتور بنائے۔ بی جے پی کے آل انڈیا انا ڈی ایم کے پارٹی کے ساتھ انتخابی معاہدہ پر دستخط کے بعد یہاں اپنی پہلی عام ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کرناٹک کانگریس کے ایک لیڈر کے ریمارک کا حوالہ دیا جس میں ان کے قتل کی بات کہی گئی۔ مودی نے کہا کہ اب ایک کانگریس لیڈر مودی کے قتل کی بات کررہا ہے لیکن میں آپ کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ مجھے ان دھمکیوں یا مغلظات کی پرواہ نہیں ہے۔ میں بس کام کرتا رہوں گا تاکہ ہندوستان کو مضبوط اور خوشحال بنا سکوں۔ ٹاملناڈو میں برسراقتدار پارٹی کے ساتھ اتحاد کا پی ایم کے بھی جز ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قومی سلامتی کے بارے میں اپوزیشن کا غافلانہ رویہ سب کو معلوم ہے۔ وہ سیاسی اور ذاتی مفادات کے تحت کام کرتے ہیں۔ وہ نہ مضبوط انڈیا چاہتے ہیں اور نہ ہی مضبوط مسلح افواج ۔ قبل ازیں کرناٹک کے کلابرگی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے ریاستی عوام پر زور دیا کہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں مکمل اکثریتی حکومت منتخب کریں اور کہاکہ نئی پارٹیوں پر مشتمل ’مہا ملاوٹ‘ حکومت صرف آدھے مقاصد کی تکمیل کرسکتی ہیں۔ انہوں نے مخالف بی جے پی اتحاد تشکیل دینے والی اپوزیشن جماعتوں کی کوششوں کو خودغرضی پر مبنی سیاست قرار دیا اور کہاکہ یہ جماعتیں محض ’مودی ہٹاؤ‘ کے واحد نکتہ پر کام کررہی ہیں۔