نئی دہلی: نائب صدرجمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ اور وزیر اعظم نریندر مودی نے لداخ میں سڑک حادثے میں فوج کے نو جوانوں کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔اپنے تعزیتی پیغام میں دھنکھڑنے کہا، “لداخ میں ایک سڑک حادثے میں ہمارے بہادر فوجی جوانوں کی موت سے کافی دکھ پہنچا ہے ۔ سوگوار کنبے سے میری گہری تعزیت۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔ مودی نے ٹویٹ کیا، “لیہہ کے قریب اس حادثے سے دکھی ہوں جس میں ہم نے ہندوستانی فوج کے جوانوں کو کھو دیا ہے ۔ قوم کیلئے ان کی شاندار خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سوگوار کنبے سے تعزیت۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔’’یہ حادثہ ہفتہ کو لداخ کے ضلع لیہہ کے کیاری شہر سے سات کلومیٹر کے فاصلے پر اس وقت پیش آیا جب فوج کی تین گاڑیوں کا ایک چھوٹا قافلہ اس علاقے کی طرف جا رہا تھا کہ ایک گاڑی گہری کھائی میں گر گئی۔