دھونی ، خلیل پر کیوں برہم ہوئے ،فاسٹ بولر کے کریر پر سوالیہ نشان ؟

   

ایڈیلیڈ۔16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) دوسرے ونڈے میں ہندوستان نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دی اور اس جیت میں کپتان ویراٹ کوہلی نے شاندار سنچری لگاتے ہوئے 104 رنوں کی اننگز کھیلی جبکہ وکٹ کیپر ایم ایس دھونی نے ناٹ آوٹ 55 رن بناکر ٹیم کو سیریز میں 1-1 کی برابری دلائی۔ دھونی نے انتہائی پرسکون انداز میں ٹیم کو جیت کی دہلیز تک پہنچایا حالانکہ اس میچ کے دوران ایک لمحہ ایسا بھی آیا ، جب دھونی اپنا آپا کھو بیٹھے۔ دھونی نے اس میچ سے باہر بیٹھے خلیل احمد کو گالی دیدی۔ دراصل ہندوستان کی بیٹنگ کے دوران خلیل احمد دھونی کیلئے پانی لے کر آئے۔ اس دوران خلیل پچ کے بیچوں بیچ سے دوڑے اور وہ چشمہ بھی پہنے ہوئے تھے۔ یہ دیکھ کر دھونی بھڑک گئے اور انہوں نے خلیل احمد کو ڈانٹنے کے ساتھ نازیبا الفاظ بھی کہہ ڈالے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ ویسے ایسا پہلی بار نہیں ہے جب خلیل احمد دھونی کی ڈانٹ کا شکار بنے ہوں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ونڈے سیریز کے دوران بھی خلیل احمد کو دھونی نے غصہ کیا تھا۔ دراصل ممبئی ونڈے میچ کے دوران خلیل احمد مسلسل اپیل کررہے تھے ، جس کے بعد دھونی نے انہیں پرسکون رہ کر بولنگ کرنے کیلئے کہا تھا۔ اس بات کا انکشاف خود خلیل احمد نے کیا تھا۔ حالانکہ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ دھونی کی ڈانٹ سے انہیں فائدہ ہی ہوا۔ گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے دورہ پر بھی دھونی نے منیش پانڈے کو گالی دیدی تھی۔ میچ کے دوران پانڈے کی توجہ کہیں اور تھی ، ان کی توجہ میچ پر مرکوز کروانے کیلئے دھونی کے منہ سے نازیبا الفاظ نکل گئے تھے۔ اس کے بعد منیش پانڈے ٹیم میں اپنی جگہ بنا پانے میں ناکام رہے ہیں ، وہ اسکواڈ سے بھی باہر ہوچکے ہیں۔ حالانکہ اس کا دھونی کی گالی سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ ان کی خراب کارکردگی سے ہے لیکن غور کرنے والی بات یہ ہے خلیل احمد بھی کچھ اچھی بولنگ نہیں کررہے ہیں۔ وہ وکٹ تو لے رہے ہیں ، لیکن اپنی رفتار سے مخالف بیٹسمینوں کو قابو میں نہیں رکھ پارہے ہیں ۔