نئی دہلی۔دو بار عالمی کپ جیتنے والی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سب سے کامیاب کپتانوں میں سے ایک مہندر سنگھ دھونی نے یوم آزادی کے موقع پر آج بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کردیا۔ہندوستان کے سب سے کامیاب وکٹ کیپر بلے باز دھونی نے انسٹا گرام پوسٹ پر یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’میرے کریر میں آپ سب کے پیار اور تعاون کا بہت بہت شکریہ۔ آج 7بجکر 29 منٹ پر آپ مجھے ریٹائر سمجھیں‘‘۔ 39 سالہ دھونی نے اس پوسٹ میں یہ ذکر نہیں کیا کہ وہ کس فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں۔ دھونی ٹسٹ کرکٹ سے پہلے ہی ریٹارئرمنٹ لے چکے تھے اور پچھلے سال انگلینڈ میں ہوئے ونڈے عالمی کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ہندوستان کی شکست کے بعد انہوں نے کوئی میچ نہیں کھیلا ہے۔ دھونی نے اس ہفتہ کے اوائل میں ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وہ سی ایس کے (چینائی سوپر کنگس) کے ٹریننگ کیمپ میں دیکھے گئے۔ سمجھا جاتا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات میں ہونے والے آئی پی ایل 2020ء میں حصہ لیں گے جس کا 19 ستمبر سے آغاز ہورہا ہے۔ دھونی نے اپنے مستقبل کے بارے میں بات کرنے سے انکار کردیا۔ ممبئی میں ایک تقریب کے موقع پر دھونی نے ان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی سے متعلق سوال پر کہا تھا کہ یہ سوال جنوری 2020ء کے بعد کیا جائے۔ اپنے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد دھونی نے کرکٹ کی بے نظیر تاریخ چھوڑی ہے۔ دھونی نے ڈسمبر 2004ء میں بنگلہ دیش کے خلاف ونڈے انٹرنیشنل سے اپنے بین الاقوامی کرکٹ کریر کا آغاز کیا تھا جس کے تقریباً ایک سال بعد سری لنکا کے خلاف چینائی میں پہلا ٹسٹ میچ کھیلا تھا۔ ڈسمبر 2006ء میں جنوبی آفریقہ کے خلاف ہندوستان کی پہلی ٹی۔20 انٹرنیشنل ٹیم میں بھی وہ شامل تھے۔ آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 (2007ء) ، آئی سی سی ورلڈ کپ (2011)، اور آئی سی سی چمپینس ٹروفی (2013)ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی کامیاب قیادت کی تھی۔ 2014ء کے آخر میں انہوں نے ٹسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیا تھا۔