دھونی کو بہتر انداز میں وداع کیا جانا چاہئے :کمبلے

   

نئی دہلی۔9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان اور سابق کوچ انل کمبلے نے وکٹ کیپر بیٹسمین مہندر سنگھ دھونی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ قابل احترام وداعی مقابلے کے مستحق ہیں اور دھونی جب بھی سبکدوشی کا فیصلہ لیں تو انہیں باعزت وداع کیا جانا چاہئے۔جولائی میں ختم ہوئے آئی سی سی ورلڈ کپ کے بعد دھونی نے میدان کرکٹ سے دور ہیں۔کمبلے نے اگلے سال ہونے والے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں دھونی کے انتخاب پر غیریقینی ظاہر کی۔دھونی ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹوئنٹی 20 سیریز اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والے ٹوئنٹی 20 مقابلوں میں ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔غور طلب ہے کہ دھونی کی قیادت میں ہندستان نے 2007 میں ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ جیتا تھا۔کمبلے نے کہاکہ دھونی جب بھی سبکدوش ہونے کا فیصلہ کریں گے انہیں قابل احترام انداز میں وداع کیا جانا چاہئے کیونکہ وہ اس کے حقدار ہیں لیکن اب ٹیم انتخاب کے بعد سلیکٹرز کو بیٹھ کر بات کرنی چاہئے۔مذاکرات ہونا بہت اہم ہے۔میرے خیال سے سلیکٹرز کو اس بارے میں فیصلہ لینا چاہئے کہ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ ٹیم کیسی ہونی چاہئے۔ورلڈکپ زیادہ دور نہیں ہے۔ہندستان کو جنوبی افریقہ کے ساتھ رواں ہفتہ تین میچوں کی ٹوئنٹی 20 سیریز کھیلنی ہے جبکہ آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ اگلے سال آسٹریلیا میں ہونا ہے۔