نئی دہلی۔ ہندستانی ٹیم کے سابق کپتان اور بی سی سی آئی کے صدر سوروگنگولی نے کہا ہے کہ وہ جانتے تھے کہ مہندر سنگھ دھونی میں بڑے شاٹس لگانے کی صلاحیت ہے اسی لئے انہوں نے اپنی کپتانی میں دھونی کو ٹاپ آرڈر میں اتارا تھا۔ گنگولی نے کہا کہ دھونی میں بڑے شاٹس کھیلنے کی صلاحیت ہے لہذا انھیں بیٹنگ آرڈر میں اوپرلانا اور آزادانہ طور پرکھیلنے دینا ضروری تھا۔گنگولی نے کہا کہ انہوں نے2005 میں چیلنجر ٹرافی کے دوران ممبئی میں انڈیا سینئر کی جانب سے کھیلتے ہوئے ٹاپ آرڈر میں دھونی کو کھلانے کا فیصلہ کیا تھا اور اس میچ میں دھونی نے96 گیندوں پر ناقابل شکست 102 رن بنائے تھے اور انہوں نے ٹیم کو جیتنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔گنگولی نے اسپورٹس تک سے کہا کہ چیلنجر ٹرافی کے دوران دھونی میری ٹیم کے لئے کھیلے تھے اور سنچری بنا چکے تھے تب ہی مجھے ان کی قابلیت کا پتہ چلا۔ انہیں وشاکھاپٹنم میں تیسرے نمبر پر کھیلنے کا موقع ملا اور وہاں بھی سنچری بنائی۔ جب بھی انہیں زیادہ اوورز کھیلنے کا موقع ملا انہوں نے بڑی اننگز کھیلی ۔